لاکھوں ڈالر قرض کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ڈاکٹر نے اپنی مریضہ کو شیزو فرینیا تشخیص کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 28 اکتوبر 2018 23:52

لاکھوں ڈالر قرض کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ڈاکٹر نے اپنی مریضہ کو شیزو فرینیا تشخیص کر دیا
کولمبیا، ٹینیسی  سے تعلق رکھنے والی ایک ڈاکٹر نے اپنی ایک مریضہ سے 3 لاکھ ڈالر قرض لیے۔ جب مریضہ نے قرض کی واپسی کا تقاضا کیا تو ڈاکٹر نے ادائیگی سے بچنے کے لیے مریضہ کو شیزو فرینیا تشخیص کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق 79 سالہ ڈاکٹر سولین لی نے اپنی ایک مریضہ، جن کی شناخت ای۔ ڈبلیو۔ کے نام سے ہوئی ہے، سے مشکل وقت میں 3 لاکھ ڈالر ادھار لیے۔ ای۔ ڈبلیو 25 سالوں سے ڈاکٹر لی سے علاج کرا رہی ہیں۔

وہ ڈاکٹر لی کی دوست ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ کام بھی کر چکی ہیں۔ جب ای۔ ڈبلیو نے قرض کی واپسی کے لیے ڈاکٹر لی سے رابطہ کیا تو انہوں نے اپنی مریضہ کو شیزوفرینیا تشخیص کرکے اس کا سرٹیفیکٹ اُن کی بیٹی کو بھیج دیا۔ بیٹی نے یہ سرٹیفیکیٹ  ان تمام مالیاتی اداروں کو بھیج دیا، جہاں سے ان کی ماں لین دین کرتی تھیں۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں تمام مالیاتی اداروں، بشمول بنکوں نے مریضہ کو ان کے اثاثہ جات تک رسائی دینے سے انکار کر دیا۔


بتدریج یہ کیس ٹینیسی بورڈ آف میڈیکل ایگزمینرز کے سامنے آیا اور ڈاکٹر لی کو اپنے لائسنس سے ہاتھ دھونا پڑے۔ ڈاکٹر لی نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے تشخیص کے لیے مریضہ کا کوئی ٹیسٹ نہیں کرایا، یہ تشخیص مکمل طور پر انکے مشاہدے کی بنیاد پر کی گئی تھی۔
ایک ماہر نفسیات نے بعد میں مریضہ کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ مریضہ میں شیزوفرینیا کی کوئی بھی علامت نہیں۔


ٹینیسی ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ نے اس کیس کو اپنی ماہانہ رپورٹ میں شائع کیا۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمکے نے ستمبر 2018 میں 100 سے زیادہ تادیبی کاروائیاں کیں۔
ڈاکٹر لی کچھ دنوں تک تو اپنے موقف پر ڈٹی رہیں کہ ای۔ ڈبلیو شیزوفرینیا کی مریضہ ہیں اور انہوں نے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا ہے۔ ڈاکٹر لی کا کہنا ہے کہ انہوں نے 20 سال پہلے قرض  لیا تھا اور اب اسے اتارنے کی کوشش کر رہی ہے۔


بعد میں ڈاکٹر لی نے ٹینیسی ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کے ساتھ ایک معاہدہ کر لیا۔ معاہدے کے مطابق ڈاکٹر لی نے 2000 ڈالر انضباطی فیس کی مد میں محکمے کو ادا کیے اور اپنے پیشے سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
ڈاکٹر لی نے بتایا کہ محکمے کے وکیل نے انہیں ڈرا دیا تھا،جس کی وجہ سے معاہدہ کرنا پڑا۔ ڈاکٹر لی کے مطابق وکیل نے انہیں بتایا کہ یہ مقدمہ انہیں کافی مہنگا پڑے گا اور ان کی جیت کا بھی کوئی چانس نہیں ہے۔ ڈاکٹر لی کے مطابق اسی وجہ سے انہوں نے ریٹائر ہونا بہتر سمجھا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu