کتاب کا اختتام پہلے بتانے پر روسی سائنسدان نے ساتھی کی چھاتی میں چاقو گھونپ دیا۔ براعظم انٹارکٹکا پر اقدام قتل کاپہلا واقعہ

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 1 نومبر 2018 23:55

کتاب کا اختتام پہلے بتانے پر روسی سائنسدان نے ساتھی کی چھاتی میں چاقو گھونپ دیا۔ براعظم انٹارکٹکا پر اقدام قتل کاپہلا واقعہ

کوئی بھی کتاب پڑھتے ہوئے اگر اس کا اختتام پہلے معلوم ہو جائے تو کتاب پڑھنے کا لطف ختم ہو جاتا ہے اور پھر کتاب پڑھنے کا دل بھی نہیں چاہتا۔اگر کوئی دوسرا آپ کو بغیر معلوم کیے اس کا اختتام بتا دےتو اس پر غصہ بھی آتا ہے لیکن اس معاملے میں کسی کو اتنا غصہ نہیں آیا ہوگا کہ نوبت اقدام قتل تک پہنچ جائے۔
انٹارکٹکا کے جزیرہ کنگ جارج کے بلینگسہاوزن ریسرچ اسٹیشن پر کام کرنے والے روسی سائنسدان کو اس وقت شدید غصہ آیا جب ایک ساتھی نے انہیں پہلے ہی ان کی زیرمطالعہ کتاب کا اختتام بتا دیا۔

مذکورہ سائنسدان نے ساتھی کی چھاتی میں باورچی خانے میں استعمال ہونے والا چاقو گھونپ دیا۔ اس سائنسدان پر ساتھی کو زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ اقدام قتل کا بھی الزام ہے۔
55 سالہ سرگے ساویتسکی اور 52 سالہ اولیگ بیلوگوزو دونوں ہی چار سال سے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)


9 اکتوبر کو سرگے نے باورچی خانے سے چاقو لیا  اور اسے اولیگ کی چھاتی میں گھونپ دیا۔

ان کے اس اقدام کو بر اعظم انٹاکٹکا میں اقدام قتل کا پہلا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ تاریخ کا عجیب و غریب ترین واقعہ بھی ہے۔ تفتیش کے بعد پتا چلا کہ اس واقعے کی وجہ اولیگ کا سرگے کو ان کے زیر مطالعہ کتاب کا اختتام پہلے ہی بتانا تھا۔
روسی میڈیا کے مطابق سرگے اور اولیگ دونوں ہی کتابوں کے شوقین ہیں، دونوں ہی وقت گزارنے کے لیے کتابیں پڑھتے تھے لیکن اولیگ کو اپنے ساتھی کو کتابوں کا اختتام پہلے ہی بتانے کی عادت ہے۔

مبینہ طور پر 9 اکتوبر کو ایک بار پھر جب اولیگ نے یہی کیا تو سرگے کا تحمل جواب دے گیا اور انہوں نے اولیگ کی چھاتی میں چاقو پیوست کر دیا۔ خوش قسمتی سے اولیگ کو جلدی سے چلی پہنچایا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچا لی۔ اگرچہ چاقو نے اولیگ کے دل کو نقصان پہنچایا ہے لیکن ان کی حالت ابھی کافی بہتر ہے۔ دوسری طرف سرگے نے 20 اکتوبر کو سینٹ پیٹرزبرگ جا کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

فی الحال انہیں اقدام قتل کے الزام میں گھر پر ہی قید کر دیا گیا ہے۔انہوں نے اولیگ پر حملہ کرنے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ انہں قتل کرنا نہیں چاہتے تھے۔
تفتیشی افسران کو یقین ہے کہ سرگے کے اس اقدام کی وجہ شراب کی زیادتی اور ریسرچ سنٹر کا تنہائی کا ماحول بنا ہوگا۔ اس ریسرچ سنٹر میں کام کرنے والوں کی رسائی صرف دو روسی ٹی وی چینلز، ایک جمنازیم اور چھوٹی سی لائبریری تک ہے لیکن انہیں ووڈکا کی کوئی کمی نہیں، جو روس سے فراہم کی جاتی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu