کٹے ہوئے بالوں سے شاندار تصاویربنانے والا چینی حجام

Ameen Akbar امین اکبر پیر 17 دسمبر 2018 23:45

کٹے ہوئے بالوں سے شاندار تصاویربنانے والا چینی حجام

ان تصاویر کو دیکھ کر آپ کو لگے گا کہ یہ  کوئلے سے بنائی گئی ہیں  لیکن یہ بالوں سے بنائی گئی تصاویر ہیں، جنہیں ایک چینی فنکار نے بنایا ہے۔ یہ چینی فنکار ایک ماہر حجام بھی ہے۔
ایلن شن چین کے شہر چانگہوا کے  ایکس بی ہیئر پروفیشنل  سیلون میں حجام کے طور پر کام کرتے ہیں۔ حال ہی میں وہ چین کے ساتھ دنیا بھر کے سوشل میڈیا پربھی مقبول ہوگئے ہیں۔

ان کی مقبولیت کی وجہ  ان کی کٹے ہوئے بالوں سے بنائی گئی شاہکار تصاویر ہیں۔  ایلن بہت احتیاط کے ساتھ کٹے ہوئے چھوٹے بالوں کو جمع کرتے ہیں اور پھر انہیں اس مہارت سے تصاویر کا روپ دیتے ہیں کہ دیکھنے والا حیران ہوجاتا ہے۔
ایلن نے بتایا کہ وہ تصاویر بنانے سے پہلے  تشویق (inspiration) کے لیے انٹرنیٹ دیکھتے رہتے ہیں۔ جب انہیں کوئی متاثر کن تصویر نظر آتی ہے تو وہ بالوں سے بھرا ہوا بیگ لے کر اپنے پسندیدہ کینوس یعنی زمین پر بیٹھ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ زمین پر بالوں کو بکھرتے ہیں۔ پہلے وہ آؤٹ لائن بناتے ہیں اور پھر انہیں بالوں سے مکمل کرنا شروع کرتے ہیں۔اوزار کے طور پر وہ بس اپنے ہاتھوں کا استعمال کرتے ہیں لیکن  باریک کام کرنے کے لیے وہ اپنے کریڈٹ کارڈ سے بھی مدد لیتے ہیں۔ ایلن زمین پرہی نہیں بلکہ بال کاٹ کر سر پر شاندار تصاویر بناتے ہیں۔
ان کی اپنی پسندیدہ تصویر ”تھری کنگڈم“ ہے، جس کی تیاری میں انہیں 6 گھنٹے لگے تھے۔


ایلن بلاک بسٹرفلموں ٹائی ٹینک، وینم اور منکی کنگ کے پوسٹر بھی بنا چکے ہیں۔
بالوں سے تصاویربنانے کےآغاز کے بارے میں بتاتے ہوئے ایلن نے کہا کہ انہیں ریت سے فن پارے بنانا اچھا لگتا تھا، اظہار کے دوسرے طریقوں کی تلاش میں انہیں بالوں سے تصاویر بنانے کا خیال آیا۔
ایلن کی بنائی چند تصاویر اور تصاویر بنانے کے عمل کی ویڈیوز آپ بھی دیکھیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu