چالاک چور نے قیمتی ہیرا چرانے کے لیے جعلی جیولری سٹور بنایا اور بھارتی تاجر کی نظروں کے سامنے ہیرا لے اڑا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 17 دسمبر 2018 23:45

چالاک چور نے قیمتی ہیرا چرانے کے لیے جعلی جیولری سٹور بنایا اور بھارتی تاجر کی نظروں کے سامنے ہیرا لے اڑا

تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے  ایک چالاک چور نے  جعلی جیولری سٹور بنا کر بھارتی تاجر سے ایک قیمتی ہیرے کو کامیابی سے لوٹا اور فرار ہوگیا۔
59 سالہ پیپتپونگپات سوکساواتپیپت کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پیپتپونگپات ایک کامیاب جوہری تھا لیکن جوئے کی لت کےباعث اپنا سب کچھ ہار بیٹھا۔ اپنے وقت کے امیر کیبر جوہری پیپتپونگپات کے پاس گزشتہ دنوں بس 40 ہزار بھات یا 1200 ڈالر کی رقم رہ گئی تھی۔

اسی رقم کو خرچ کر کے پیپتپونگپات نے کروڑوں کا ہیرا اڑا لیا۔
پولیس کے مطابق زیورات کے ایک میلے میں  پیپتپونگپات کی ملاقات بھارتی تاجر جین واپھاؤ سے ہوئی تھی۔ دونوں نے اپنے فون نمبروں کا تبادلہ کیا اور بعد میں بھی رابطے میں رہے۔جب پیپتپونگپات کو معلوم ہواکہ جین کے پاس 10 ملین بھات کا ہیرا ہے تو اس نے اسے حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

(جاری ہے)


پیپتپونگپات نے 10 ہزار بھات میں بنکاک کی سری پایا سٹریٹ میں ایک کمرشل جگہ پر دوکان کرائے پر لی۔ یہ دوکان واردات سے ایک ہفتہ پہلے ہی کرائے پر لی گئی تھی۔ پیپتپونگپات نے 20 ہزار بھات میں ڈیکوریشن کر کے اسے جعلی جیولری سٹور کا روپ دیا۔ اس نے سٹور کے دروازے پر خود کار تالے لگوائے جو باہر سے بند ہوتے تھے۔بقیہ رقم سے اس نے بھاگنے کے لیے کمبوڈین شخص اور موٹر سائیکل کا بندوبست کیا۔


اس کے بعد پیپتپونگپات نے جین کو فون کر کے بتایا کہ وہ اس کا قیمتی ہیرا خریدنا چاہتا ہے لیکن وہ اس کا اپنے سٹور میں  معائنہ کرے گا۔ جین کو پیپتپونگپات کے جوئے کی لت اور مالی حالات کے بارے میں نہیں پتا تھا۔ وہ اپنے ساتھی کے ساتھ پیپتپونگپات کے سٹور میں پہنچا۔ پیپتپونگپات نے اس سے ہیرا لیا اور کہا کہ وہ سورج کی روشنی میں اس کا معائنہ کرنا چاہتا ہے۔

یہ کہہ کر پیپتپونگپات سٹور سے نکلا اور موٹر سائیکل پر موجود شخص کے ساتھ فرار ہوگیا۔ اس کے سٹور سے نکلتے ہی دروازہ لاک ہو چکا تھا۔ یہ ساری کاروائی صرف 3 منٹ میں مکمل ہوئی۔ جین  سٹور کا شیشہ توڑ کر باہر نکلا اور پولیس کو خبردار کر دیا۔ پولیس نے پیپتپونگپات کے وارنٹ جاری کیےا ور پورے ملک میں اس کی تلاش شروع ہوگئی۔ پچھلے جمعے کو پیپتپونگپات کو چانتھابوری کے امیگریشن چیک پوائنٹ سے گرفتار کر لیا۔

وہ  اپنی بیوی کے ساتھ کمبوڈیا فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
تفتیش کے دوران پیپتپونگپات نے بتایا کہ وہ تو صرف جوا کھیلنے کے لیے کچھ رقم چاہتا تھا، اسی لیے اس نے  ہیرا حاصل کیا۔ پیپتپونگپات نے دعویٰ کیاکہ وہ ہیرے کو 5 لاکھ بھات  یا 15 ہزار ڈالر میں ایک چینی تاجر کو فروخت کر چکا ہے۔ یہ رقم ہیرے کی اصل قیمت سے 20 گنا کم ہے۔
بھارتی تاجر نے تھائی میڈیا کو بتایا کہ وہ 20 سالوں سے کاروبار کر رہا ہے لیکن اس نے آج تک ایسی واردات  کے بارے میں نہیں سنا۔ جین نے بتایا کہ وہ اس صورتحال میں ہیرا ملنے سے مایوس ہوگیا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu