بے وقوف شخص نے انسٹاگرام ویڈیو کے لیے کروز شپ کی 11ویں منزل سے چھلانگ لگا دی

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 18 جنوری 2019 23:58

بے وقوف شخص نے انسٹاگرام ویڈیو کے لیے کروز شپ کی 11ویں منزل سے چھلانگ لگا دی
واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے  انسٹاگرام  ویڈیو کے لیے  کروز شپ کی 11 ویں منزل سے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔
27 سالہ نیکولے نائیدیو  کی پوسٹ کی ہوئی انسٹاگرام ویڈیو میں انہیں رائل کریبین کروز شپ کی 11 ویں منزل سے چھلانگ لگاتے دکھایا گیا ہے۔جس وقت یہ واقعہ پیش آیا ، کروز شپ  نساؤ، بہاماس پر لنگر انداز تھا۔ ویڈیو میں نیکولے کے دوستوں  کو  ان کی حوصلہ افزائی کرتے دکھایا گیا ہے۔


رائل کریبین نے نیکولے اور ان کے دوستوں کے اپنے کروز شپ پر داخلے پرہمیشہ کے لیے پابندی لگا دی ہے۔
رائل کریبین کے منیجر کارپوریٹ کمیونی کیشن نے بتایا کہ اس احمقانہ اور بے پرواہ برتاؤ کے لیے نیکولے اور ان کے دوستوں کے کروز شپ پر داخلے پر ہمیشہ کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے نیکولے اور ان کے ساتھیوں کو کروز شپ سے بھی اتار دیا۔


نیکولے نے بتایا کہ پچھلی رات وہ نشے میں تھے، جب وہ صبح جاگے تو انہوں نے چھلانگ لگانے کا فیصلہ کیا۔
نیکولے کی انسٹاگرام پوسٹ پر 2000 سے زیادہ صارفین نے تبصرے کیے۔ صارفین کی اکثریت نے انہیں بے وقوف اور احمق قرار دیا ہے۔
نیکولے کے دوست نے بتایا کہ انہوں نے یہ کرتب وائرل ویڈیو بنانے کے لیے کیا تھا۔ دوست نےبتایا کہ نیکولے پہلے بھی اتنی بلندیوں سے چھلانگ لگاتے رہے ہیں۔
رائل کریبین اب نیکولے اور ان کے دوستوں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu