قتل کے وہ منصوبے جو بُری طرح ناکام ہوئے

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 20 جنوری 2019 22:22

قتل کے وہ  منصوبے جو بُری طرح ناکام ہوئے
تاریخ قتل کے لاتعدادواقعات  سے بھری پڑی ہے لیکن بہترین منصوبہ بندی کے باوجود قتل کی بہت سی کوششیں ناکام بھی ہو  جاتی ہیں۔ ذیل میں آپ کو قتل کی چند  ایسی کوششوں کے بارے میں بتاتے  ہیں جو دلچسپ وجوہات کی بنا پر ناکام ہوئیں۔
•    2017ء میں 68 سالہ ڈیوڈ ہیرس، برطانوی ٹی وی ڈراما دی بل کے سابق پروڈیوسر کو اپنی بیوی کے قتل کی سازش  کرنے پر 17 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

ڈیوڈ کو  امید تھی کہ قتل کے بعد بیوی کی تمام جائیداد اس کےنام ہو جائے گی، جسے بیچ کر وہ 8 لاکھ پاؤنڈ حاصل کرےگا  اور بقیہ زندگی 28 سالہ طوائف کے ساتھ گزارے گا۔ ڈیوڈ نے پیشہ ور قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش  کی۔ ایک رابطے کے ذریعے انڈر کور ایجنٹ  نے ڈیوڈ سے قاتل بن کر ملاقات کی اور تمام بات چیت  کو ریکارڈ کر لیا۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ نے عدالت میں قتل کی سازش کرنے سے انکار کردیا اور کہا  کہ وہ ایک ناول لکھنا چاہتا ہے، قاتل سے ملاقات ناول پر ریسرچ کے لیے کی تھی۔


•    2008ء میں ڈگبی کاؤنٹی، نوا سکوٹیا، کینیڈا کی نکول ریان نے اپنی شادی سے تنگ  آکر اپنے شوہر مائیک ریان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ نکول کو طلاق سے کوئی مالی فائدہ نہ ہوتا لیکن مائیک کی موت سے اسے 5 لاکھ ڈالر کی پنشن اور وراثت میں 3 جائیدادیں ملتیں۔ نکول نے ایک پیشہ ور قاتل  کو 25 ہزار ڈالر ادا کیے لیکن قاتل وہ پیسے کھا گیا اور کام بھی نہیں کیا۔

اسی طرح دو مزید پیشہ ور قاتلوں نے پیسے لے کر اپنا فون بند کردیا۔ آخر نکول کی ملاقات رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے انڈر کور  ایجنٹ سے ہوئی۔ انڈر کور ایجنٹ نے نکول سے پوچھا کہ مائیک کے ساتھ ساتھ اس کی نئی گرل فرینڈ  کو بھی قتل کر دے؟ نکول نے انکار کردیا۔ ایجنٹ نے پوچھا کہ نئی گرل فرینڈ کی پٹائی کر دے تو  نکول نے اس سے بھی انکار کردیا۔

نکول نے ایجنٹ کو بتایا کہ وہ 9 مہینوں سے مائیک کو قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ایجنٹ سے  دوسری ملاقات کے بعد نکول کو گرفتار کر لیا گیا۔ نکول نے عدالت میں کہانی بدل دی کہ مائیک اس پر تشدد کرتا ہے۔ اس کیس میں نہ تو انڈر کور ایجنٹ کو بیان دینے کی اجازت تھی اور نہ ہی مائیک کو ۔ نتیجے کے طور پر نکول کو بری کر دیا گیا۔ یہ کیس سپریم کورٹ تک چلا لیکن وہاں سے بھی بریت کے فیصلے کوبرقرار رکھا گیا۔


•    2013ء میں بلغاریہ میں 25 سالہ اوکاتے انیمہمیووف نے جلسے کے دوران سٹیج پر چڑھ کر بلغاریہ کی موومنٹ فار رائٹس اینڈ فریڈم کے سربراہ احمد ڈوگان کو بہت قریب سے دو  بار گولی مارنے کی کوشش کی لیکن پستول کی خرابی کی وجہ سے فائر نہ ہوسکے۔اوکاتے کو فوراً گرفتار کر لیا گیا ۔ اس کے پاس دو چاقو بھی تھے، جسے چلانے کا موقع ہی نہ مل سکا۔
•    نومبر 2013ء میں کلیولینڈ ، اوہائیو سے تعلق رکھنے والی یولوما واکر کوری نے اپنی بیٹی کے دوست  چاڈ پاڈجٹ کے ذریعے اپنے شوہر کو قتل کرانے کا منصوبہ بنایا۔

یولوما کی چار ماہ پہلے ہی ولیم سے شادی ہوئی تھی لیکن یولوما قرض میں ڈوبی ہوئی تھی۔ اسے امید تھی کہ شوہر کی 1 لاکھ ڈالر کی انشورنش پالیسی سے اس کا کافی  قرض اتر جائے گا۔ چاڈ نے قتل کے لیے اپنے کزن کرس ہین کی خدمات حاصل کی اور کرس نے یہ کام ایک دوسرے قاتل ریان ڈورتھی کے سپرد کر دیا۔ ریان نے ولیم کو قتل کر دیا لیکن قتل کے بعد انشورنش کی ساری رقم ولیم کی سابقہ بیوی کو مل گئی کیونکہ ولیم نے ابھی تک انشورنش پالیسی سے بینیفیشری کے طور پر سابقہ بیوی کا ہی نام لکھا ہوا تھا۔

پکڑے جانے پر چاڈ کو 28 سال، ریان کو 23 سال اور کرس کو 18 سال کی سزا سنائی گئی۔ یولوما کی بیٹی کو   کم عمر بچوں کے مرکز بھیج دیا گیا۔ یولوما کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یہ ساری منصوبہ بندی یولوما کی بیٹی کی تھی۔
•    2015ء میں آسٹریلیا کی رہائشی نیولا روکونڈو اپنی سوتیلی ماں کے جنازے میں شرکت کے لیے برونڈی گئی۔ وہاں پر کچھ لوگوں نے نیولا کو اغوا کر لیا۔

اغوا کار نیولا  کو  ایک محفوظ مقام پر لے گئے۔ اغوا کاروں نے نیولا کو بتایا کہ اس کے شوہر نےا نہیں نیولا کو قتل کرنے کا کام سونپا ہے۔ اغوا کاروں نے بتایا کہ عورتوں اور بچوں کو قتل کرنا اُن کےا صولوں کےخلاف ہے۔ اغواکارو ں نے نیولا کے شوہر  کو فون ملایا ، جس پر دوسری طرف سے بھی نیولا کو قتل کرنے کاکہا گیا۔اغوا کاروں نے نیولا کے شوہر سے رقم وصولی کی رسید اور فون کالز کی آڈیو میموری کارڈ میں ڈال کر اسے دے دی۔

نیولا واپس آسٹریلیا پہنچ گئی، جہاں اس کا شوہر لوگوں سے رنڈوا ہونے پر تعزیت وصول کر رہا تھا۔ پکڑے جانے پر نیولا کے شوہر کو  سال 9  قید کی سزا سنائی گئی۔
•    2018 میں ہوسٹن میں رہنے والا ایک مصری شخص، محمد محمد ، ہوسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک پولیس آفیسر کی طرف سے بار بار چالان کیے جانے  پر تنگ  آگیا۔  ہزاروں ڈالر چالان بھرنے کے بعد اس نے سوچا کہ 2 ہزار ڈالر ادا کرکے   چالان کے  شوقین پولیس آفیسر کو ہی قتل کرا دے۔

محمد محمد نے اس قتل کے لیے  جس کی خدمات حاصل کیں وہ بھی انڈر کور پولیس ایجنٹ نکلا۔
•    2017ء میں جیف لائٹل نامی شخص نے قاتل کو بھیجا جانے والا ٹیکسٹ میسج غلطی سے اپنے سابقہ باس کو بھیج دیا۔ میسج میں ایک فقرہ تھا ”تمہیں یاد ہوگا کہ تم نے مجھے میری بیوی کے قتل میں مدد دینے کا کہا تھا۔  میسج میں انشورنس پالیسی سے ملنے والی رقم  میں سے قتل کی ادائیگی کا طریقہ کار بھی  لکھا تھا۔جیف نے مزید لکھا کہ اگر وہ ان کی بیٹی کو بھی قتل کر دے تو اسے ملنے والے  15 لاکھ ڈالر سے میں سے مزید 5 لاکھ دے گا۔ جیف کے سابقہ باس کی شکایت پرپولیس نےا سے گرفتار کر لیا۔ جیف کا کہنا تھا کہ وہ تو بس غصے میں میسج لکھ رہا تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu