گھر کی چھت پر برف نہ ہونے کی وجہ سے پولیس کےچھاپے۔ منشیات کے کاشت کار گرفتار

پیر 21 جنوری 2019 22:53

گھر کی چھت پر برف نہ ہونے کی وجہ سے پولیس کےچھاپے۔ منشیات کے  کاشت کار گرفتار

مغربی دنیا میں بھنگ کو طبی اور تفریحی مقاصد یا نشے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں اس کے استعمال پر پابندی ہے۔اس پابندی کے باعث اسے خفیہ طور پر کاشت کیا جاتا ہے۔ منشیات کے ڈیلر اسے ذاتی جائیدادوں میں خفیہ فارموں میں اگاتے ہیں۔ گرمیوں میں تو اس طرح کے گھروں کو شناخت نہیں کیا جا سکتا لیکن سردیوں میں ایسے گھروں کی آسانی سے شناخت ہو سکتی ہے۔

کیونکہ اس طرح کے گھروں کی چھت پر برف نہیں ہوتی اور یوں منشیات کے ڈیلر جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچ جاتے ہیں۔
2015ء  کی سردیوں میں ڈچ پولیس ہارلم شہر میں گشت پر تھی کہ انہوں نے ایک گلی میں ایک گھر کے سوا ہر گھر کی چھت پر برف دیکھی۔ یہ دیکھ کر پولیس گھر میں داخل ہوگئی تو معلوم ہوا کہ اس گھر میں صنعتی پیمانے پر بھنگ کاشت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بھنگ کے پودوں کو عام حالات سے زیادہ گرمی درکار ہوتی ہے۔

اسی وجہ سے بھنگ کے ڈیلر اسے کاشت کرنے کے بعد گھر میں گرمی کے لیمپ جلاتے ہیں۔ یہ لیمپ گھر میں گرمی کرنے کے ساتھ چھت پر جمی برف کو بھی پگھلا دیتے ہیں۔
اس سے ایک ہفتے پہلے 5 فروری 2015 کو حکام نے زوتفن  شہر میں ایک گھر کی چھت کو بغیر برف کے دیکھا تو معلوم ہوا کہ وہاں پر میریجوانا کے 88 پودے ہیں۔
نیدر لینڈ میں استعمال ہونے والا یہ طریقہ یورپی ممالک میں بھی کامیابی سے استعمال ہو رہا ہے۔

مارچ 2018 میں مغربی یورکشائر پولیس نے کیلی، برطانیہ کے ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں سے بھنگ کے 322 پودے برآمد کر لیے۔ اس گھر کی چھت پر بھی گرمی کی وجہ سے برف نہیں تھی، جسے دیکھ کر حکام مشکوک ہوگئے تھے۔ اس گھر میں ہونے والی سرگرمیوں سے ہمسائے بھی شک میں پڑے ہوئے تھے۔ ایک ہمسائے کا کہنا ہے کہ شدید سردی میں بھی اس کے گھر کی ایک دیوار اور باتھ روم کا فرش گرم ہوتا تھا۔

ہمسایوں کا کہنا تھا کہ چند دنوں پہلے انہوں نے گھر میں سے شدید بدبو بھی آتی محسوس کی تھی۔
چھت پر برف نہ ہونے کے علاوہ پولیس تھرمل امیجنگ سے بھی کسی گھر میں گرمی ہونے یا نہ ہونے کا پتا چلاتی ہے لیکن یہ طریقہ ہر بار 100 فیصد نتائج نہں دیتا۔ 2009 میں یورکشائر کے ایک گھر میں منشیات کا پتا چلایاگیا۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ یہ تو صرف لکڑی سے جلنے والے سٹوو کی آگ ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu