عورت 17 دن تک پلاسٹک پیکنگ سمیت گولی گلے میں پھنسنے کے باوجود زندہ رہی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 23 جنوری 2019 23:52

عورت 17 دن تک پلاسٹک  پیکنگ  سمیت گولی گلے میں پھنسنے کے باوجود زندہ رہی
شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی  تقریباً 40 سالہ عورت، جنہوں نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا،  گلے میں پلاسٹک پیکنگ سمیت گولی پھنسنے کے باوجود 17دنوں  تک زندہ رہی۔اس عورت نے آدھی رات کوانجانے میں پلاسٹک پیکنگ سمیت ہی گولی کھا لی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس عورت نے آدھی رات کو گولی پلاسٹک پیکنگ سے نکالے بغیر کھائی اور دوبارہ سو گئی۔ دوسری صبح جب وہ جاگی تو ان کے گلے میں سراسرہٹ تھی۔

وہ ہسپتال گئیں اور ڈاکٹروں کو گلے میں تکلیف اور کھانے میں مشکل کے بارے میں بتایا۔تاہم کان، ناک اور گلے کے ڈاکٹروں نے معائنہ کرنے کے بعد انہیں بالکل ٹھیک قرار دیا۔ ڈاکٹری معائنے میں وہ بالکل درست انداز میں گردن ہلا رہی تھیں، انہیں سانس لینے میں بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ ایکسرے میں ان کے گلے میں رگڑ کےنشان ملے لیکن کوئی بیرونی چیز نظر نہیں آئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں نے عورت کو گھر بھیج دیا کہ کچھ دن بعد صورتحال خود ہی بہتر ہو جائے گی لیکن عورت کے گلے کی علامات دور نہ ہوئیں۔ وہ دوبارہ ہسپتال آئیں تو ڈاکٹروں نے انہیں دو دن تک ہسپتال میں رکھ کر سٹیرائیڈ اور درد کش ادویات سے ان کا علاج کیا۔ اس سے اُن کی حالت میں بہتری آئی لیکن پانچ دن بعد وہ پھر ہسپتال واپس آ گئیں۔ اس بار طبی ماہرین نے خصوصی ایکسرے کیا۔

لیکن اس بار بھی سب کچھ نارمل تھا۔ اس پر عورت کو واپس گھر بھیج دیا گیا۔ چوتھی بار وہ ہسپتال آئیں تو ڈاکٹروں نے اس بار oesophago-gastroduodenoscopy یا او جی ڈی سکین کا فیصلہ کیا۔ اس طریقے میں روشن ٹیوب اور کیمرے سے اوپری آنت کا معائنہ کیا جاتا ہے۔
معائنہ کیا گیا تو ڈاکٹر حیران رہ گئے کہ گلے میں ٹراماڈول گولی پلاسٹک پیکنگ سمیت پھنسی ہوئی ہے لیکن ڈاکٹروں نے اسے حفاظت سے باہر نکال دیا۔ عورت کے بیان کے مطابق یہ پلاسٹک پیکنگ پچھلے 17 دنوں سےا ن کے گلے میں تھی۔
اس کیس کے بارے میں سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ مریضہ کو معلوم ہی نہیں تھا کہ انہوں نے پلاسٹک پیکنگ سمیت ہی گولی کھا لی ہے۔ اپنے گلے کی تصویریں دیکھ کر ڈاکٹروں کے ساتھ یہ عورت بھی کافی حیران تھی۔
عورت 17 دن تک پلاسٹک  پیکنگ  سمیت گولی گلے میں پھنسنے کے باوجود زندہ رہی

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu