لوگ 11 ہزار روپے میں صرف بیمار ہونے کے لیے جراثیم آلود ٹشو کا ڈبہ خرید رہے ہیں۔بیماری مول لینے کی دلچسپ وجہ

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 23 جنوری 2019 23:52

لوگ 11 ہزار روپے میں  صرف بیمار ہونے کے لیے جراثیم آلود ٹشو کا ڈبہ خرید رہے ہیں۔بیماری مول لینے کی دلچسپ وجہ

بہت سے لوگ کسی بھی صورت میں کسی دوسرے کا استعمال کیا ہوا ٹشو پیپر استعمال نہیں کرتے لیکن کچھ لوگ صرف بیمار ہونے کے لیے  80 ڈالر میں لوگوں کے استعمال شدہ جراثیم آلود ٹشو پیپرکا ڈبہ خرید رہے ہیں۔ استعمال شدہ ٹشو پیپر فروخت کرنےو الی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اب تک  ہزاروں ڈبے فروخت کر چکے ہیں۔
ویو(Vaev) برانڈ کے  نام سے فروخت کیے جانے والے  یہ ٹشو نزلے اور بخار سے متاثرہ مریضوں کے استعمال کیے ہوئے ہوتے ہیں۔

اجنبی افراد ان ٹشو پیپر کو خرید کر استعمال کرتے ہیں  تاکہ انہیں بھی نزلہ اور بخار ہو جائے۔ جان بوجھ کر بیماری مول لینے کی منطق یہ ہے کہ اس طرح سے جسم کا مدافعتی نظام مضبوط ہوگا اور دوبارہ کبھی اس قسم کا نزلہ یا بخار نہیں ہوگا۔
ویو کے بانی 34 سالہ اولیور نیسین  کا کہنا ہے کہ ان مہنگے ٹشوز کو روایتی دوائیوں کے متبادل کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

یہ استعمال شدہ ٹشو آپ کو آپ کی مرضی کے اوقات میں بیمار کرتے ہیں، جس کے بعد آپ دوبارہ سے اس قسم کی بیماری کا شکار نہیں ہوتے۔
اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ کوئی جان بوجھ کر کیوں بیمار ہونا چاہے گا؟ اس سوال کا جواب دینے کے لیے اولیور نے مثال دی کہ کوئی شخص چھٹیوں پر جانا چاہتا ہے اور نہیں چاہتا ہے کہ چھٹیوں کے دوران بیمار ہو جائے تو وہ ویو کے ٹشو استعمال کر کےابھی بیمار ہو جائے گا تاکہ چھٹیوں میں بیماری دوبارہ سے حملہ آور نہ ہو۔


اولیور نے بتایا کہ وہ انٹرنیٹ سے تقریباً 10 بیمار ہونے والے لوگوں کو منتخب کرتے ہیں اور انہیں عام ٹشو بھجواتے ہیں۔ وہ لوگ ان ٹشوز کو استعمال کرنےکے بعد کمپنی کو بھجوا دیتے ہیں۔
بہت سے لوگوں نے ویو کےٹشو کو جعلی قرار دیا ہے۔ اولیور کا کہنا ہے کہ جب لوگ ان کی کمپنی کو افواہ قرار دیتے ہیں تو انہیں کافی برا لگتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویو کی ویب سائٹ پر استعمال شدہ ٹشو آؤٹ آف سٹآک ظاہر ہو رہے ہیں۔ جلد ہی یہ دوبارہ دستیاب ہونگے لیکن اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ٹشوکامیابی سے فروخت ہو رہے ہیں۔
ویو ٹشو کو اس سال کی سب سے عجیب و غریب پراڈکٹ کہا جا سکتا ہے۔ لوگ جانتے بوجھتے کہ استعمال شدہ ٹشو سے کوئی بڑی بیماری بھی لگ سکتی ہے، یہ ٹشو استعمال کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu