جاپانی لڑکی کی یادداشت کھونے کے باعث اسکے منگیتر کو ہر روز ہی اُسے اپنی محبت کے لیے قائل کرنا پڑتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 26 جنوری 2019 20:37

جاپانی لڑکی کی یادداشت کھونے کے باعث اسکے منگیتر کو ہر روز ہی  اُسے اپنی محبت کے لیے قائل کرنا پڑتا ہے

نسیان کے مرض میں مبتلا ایک جاپانی لڑکی اور اس کے وفادارمنگیتر کی کہانی  نےلاکھوں جاپانیوں کا دل پگھلا دیا ہے۔ اس جاپانی  لڑکی کی یادداشت ہر روز صبح جاگتے ہی چلی جاتی ہے اور اس کے  منگیتر  کو ہر روز ہی  اسے اپنی محبت  کے لیے قائل کرنا پڑتاہے۔
اس جاپانی جوڑے کی کہانی 2004 کی رومانوی مزاحیہ سیریز 50 First Dates سے ملتی جلتی ہے۔ اس سیریز میں ڈریوبیری مور کی یادداشت ایک کار حادثے کی وجہ سے ہر روز چلی جاتی ہے۔

اس سیریز میں بھی ایڈم سینڈلر ڈریو بیری مور کو ہر روز اپنی محبت کے لیے قائل کرتا ہے۔
جاپانی ٹی  وی نے حال ہی میں 24 سالہ مرویاما کی کہانی بتائی، جو ہر روز ہی اپنی یادداشت کھو دیتی ہے اور اس کا منگیتر لی ہوایو ہر روز اسے اپنی محبت کے لیے قائل کرتا ہے۔ مرویاما اور لی ڈھائی سال سے ایک ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

9 ماہ پہلے وہ اپنی شادی کے منصوبے بھی بنا چکے تھے کہ ایک حادثے نے سب بدل دیا۔

مرویاما بائیک پر سوار تھی، جب ایک  کار کے ساتھ اس کی ٹکر ہوئی۔ حادثے کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی۔ جب وہ ہوش میں آئی تو اپنے زندگی میں شامل کسی بھی شخص کو  نہ پہچان سکی۔ حادثے کے بعد مرویاما اپنے والدین اور منگیتر کو بھی نہیں پہچانتی تھی۔
مرویاما کےجسمانی زخم تو بتدریج بھر گئے لیکن اس کی یاد داشت بہتر نہ ہوئی۔ شادی کے منسوخ ہونے کے باوجود لی نے مرویاما کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

وہ مرویاما کے ساتھ رہا اور اسے یقین دلاتا رہا کہ اس کی یادداشت واپس آ جائے گی لیکن حالات بتدریج خراب ہوتے رہے۔
حادثے کے دو ماہ بعد تو مرویاما اپنے ہوش میں آنے بعد کی چیزیں بھی بھولنے لگی۔ جلد ہی یہ حالت ہوگئی کہ مرویاما صبح جاگتی تو اسے پچھلی کوئی بات بھی یاد نہ ہوتی اور اس کی زندگی میں شامل لوگ دوبارہ سے اپنا تعارف کراتے۔
مرویاما اس صورتحال سےتنگ آ کر کئی دفعہ گھر چھوڑ کر بھی جا چکی ہے لیکن لی اسے ہمیشہ واپس لے آتا۔

ایک بار مرویاما کو لگا کہ اس کا لی سے تعلق ختم ہو گیا تھا لیکن لی نے بتایا ایسا کچھ نہیں ہوا، سب کچھ پھر سے ٹھیک ہوجائے گا۔
ایک بار ڈاکٹر نے مرویاما کو تجویز دی کہ وہ اپنی روز مرہ کی یادداشتیں ایک ڈائری پر لکھ لیا کرے تاکہ ہر روز اسے پڑھ کر حالات کا اندازہ ہوسکے۔ یہ ترکیب کسی حد تک کام کر گئی۔ اب مرویاما کو ہرروز اپنے سامنے ”انجان“ لوگ دیکھ کر الجھن نہیں ہوتی۔


ایک صبح مرویاما نے لی کے بارے میں پڑھا تو اسے اندازہ ہوا کہ وہ کتنی بڑی قربانی دے رہا ہے۔ یہ سوچ کر مرویاما نے لی کو پرپوز کرنے کافیصلہ کرلیا۔
مرویاما نے کہا ”اس وقت میں میرا خیال رکھنے کے لیے شکریہ۔ آپ مجھے اچھی طرح سمجھتے ہیں اور آپ نے میری نازک اور حساس حالت کو برداشت کیا ہے۔ حال ہی میں میری علامتیں مزید مخدوش ہو گئیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نسیان مزید بدتر ہو سکتا ہے۔

میں اپنی یادداشت پھر سے کھو سکتی ہوں، حتیٰ کہ آپ کو بھی ہمیشہ کے لیے بھول سکتی ہوں۔ کیا آپ اب بھی میرے ساتھ رہنا چاہتے ہیں؟“
اس پر مرویاما کے منگیتر نے ایک لمحہ ہچکچائے بغیر ”ہاں“ کہہ دیا۔ پچھلے 9 ماہ میں اُن کی زندگی میں جتنی مشکلات آئیں، اس کے دوران لی کی مرویاما کے لیے محبت میں ہر روز اضافہ ہوا ہے۔ لی نے وعدہ کیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے وہ ہمیشہ مرویاما کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu