ہوائی کے کسان کے 6 پاؤنڈ وزنی مگر ناشپاتی نے گینیز ریکارڈ توڑ دیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 29 جنوری 2019 23:54

ہوائی کے کسان کے 6 پاؤنڈ وزنی مگر ناشپاتی  نے  گینیز ریکارڈ توڑ دیا

ہوائی کے ایک ہسپتال کی  ڈاکٹر نے  بتایا کہ ایک کسان نے انہیں ایسی مگر ناشپاتی (ایووکیدو) دی ہے ، جس نے گینیز ورلڈ ریکارڈ  کو توڑ دیا ہے لیکن اس کسان کے ریکارڈ کا اندراج شاید گینیز ورلڈ ریکارڈ میں نہ کیا جا سکے۔
ڈاکٹر جوائے میک الروئے نے بتایا کہ کسان کینجی فوکومیٹسو کئی سالوں سے بڑی بڑی مگر ناشپاتیاں ارجنٹ کیئر آف کونا کے عملے کو تحفے میں دے رہا ہے۔

یہ مگر ناشپاتیاں اتنی بڑی ہوتی ہیں کہ اُن کا عملہ حیران رہ جاتا ہے۔ کینجی نے اس بار ہسپتال کو 20 سے 30 مگر ناشپاتیاں دی اُن میں ہر ایک کا وزن 6 پاؤنڈ تھا۔ ڈاکٹر جوائے نے تحقیق کی معلوم ہوا کہ گینیز ورلڈ ریکارڈ میں درج سب سے بڑی مگر ناشپاتی کا وزن 5 پاؤنڈ 8 اونس ہے۔ انہوں نے کینجی کی مگر ناشپاتیوں کا وزن کیا تو معلوم ہوا کہ سب سے وزنی ناشپاتی کا وزن 6 پاؤنڈ اور 11 اونس ہے۔

(جاری ہے)


ڈاکٹر جوائے نے گینیز ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ گینیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کے لیے مگرناشپاتی کی تصدیق ضروری ہو گی اور اس میں 12 ہفتے لگ جائیں گے۔ یہ مگر ناشپاتیاں 12 ہفتے تو نہیں چل سکیں گی اس لیے ڈاکٹر جوائے نے مقامی میڈیا کو یہ مگر ناشپاتیاں دکھائی ہیں۔ کینجی کا کہنا ہے کہ گینیز ورلڈ ریکارڈ میں نام نہ لکھے جانے پر وہ مایوس نہیں۔ انہیں تو اس کے بارے میں پتا ہی نہیں ہوتا، وہ تو بس مگر ناشپاتی اٹھاتے ہیں اور کھا جاتے ہیں، کچھ فروخت بھی  کر دیتے ہیں۔
کینجی نے بتایا کہ ان بڑی مگر ناشپاتیوں کا درخت اس کے بھائی نے 1941 میں اگایا تھا۔ انہیں نہیں معلوم کے اس درخت پر اتنی بڑی مگر ناشپاتیاں کیوں لگتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu