انشورنش ایجنٹ کی ہیری پوٹر کے کردار لارڈ ولڈمورٹ بن کر اپنے کلائنٹس کے ساتھ دھوکہ دہی کی کوشش ناکام

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 2 فروری 2019 23:42

انشورنش ایجنٹ کی ہیری  پوٹر کے کردار لارڈ ولڈمورٹ  بن  کر اپنے کلائنٹس کے ساتھ دھوکہ دہی کی  کوشش ناکام

سنگا پور کے ایک انشورنش ایجنٹ کو  اپنے کلائنٹس کو دھمکی آمیز خطوط  اور ای میلز بھیجنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انشورنش ایجنٹ نے ان خطوط پر  Lord Voldermort کے دستخط کیے تھے جو مقبول ہیری پوٹرکی کتابوں کے ایک کردار Lord Voldemort کے بگڑے ہجے ہیں۔
میانمار سے تعلق رکھنے والے یی لن مینٹ، پروڈنشل انشورنش کی سنگاپور برانچ میں کام کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے متوقع کلائنٹس یا ماضی کے پالیسی کو مسترد کرنے والے کلائنٹس کو دھمکی آمیز خطوط لکھے۔


انہوں نے جولائی 2017ء میں اپنی بیوی کے لیپ ٹاپ کو استعمال کرتے ہوئے سوئزرلینڈ کی ای میل سروس پر لارڈ ولڈ مورٹ کے نام سے نیا ای میل اکاؤنٹ بنایا۔ یہ ای میل سروس صارفین کی ذاتی معلومات نہیں پوچھتی۔ اس کے بعد انہوں نے اس ای میل اکاؤنٹ سے ایک بٹ کوائن ویلٹ تخلیق کیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وہ اپنے شکاروں کا دھمکی آمیز خطوط اور ای میلز بھیجنے لگے۔

وہ دھمکی آمیز خطوط میں اپنے شکاروں سےایک بٹ کوائن کا مطالبہ کرتے۔ اس وقت ایک بٹ کوائن کی مالیت 4800 ڈالر سے 7530 ڈالر تھی۔
عدالتی کاغذات کے مطابق اپنے ایک دھمکی آمیز خط میں انہوں نے لکھا ”پچھلے کچھ مہینوں سے میں تمہاری اور تمہاری بیوی پر نظر رکھے ہوئے ہوں۔ میں جانتا ہوں تم کہاں رہتے ہو، کہاں کام کرتے ہو۔ میں تمہاری زندگی  میانمار کمیونٹی میں قابل رحم بنا دوں گا۔

میں تمہاری ملازمت ختم کرا دوں گا۔ میں اگر چاہوں تو تمہیں، تمہاری بیوی اور تمہارے والدین کو جسمانی نقصان پہنچا سکتا ہوں۔”
عدالتی کاغذات کے مطابق انہوں نے 33 افراد کو دھمکی آمیز خطوط اور  ای میلز بھیجیں۔ معاملے کو مزید بدتر بنانے کے لیے یی لن مینٹ  نے اپنے شکاروں کے ہمسایوں میں بھی دھمکی آمیز خطوط بھیجنے شروع کر دئیے۔ اپنے خطوط میں انہوں نے ہمسایوں کو کہا کہ اپنے ہمسائے پر رقم کی ادائیگی کے لیے زور ڈالیں ورنہ انہیں بھی نقصان پہنچایا جائے گا۔


بدقسمتی سے جتنے بھی افراد کو دھمکی آمیز خطوط بھیجے گئے کسی نے بھی بٹ کوائن جمع نہیں کرایا بلکہ سب لوگوں نے پولیس میں رپورٹ درج کرا دی۔
متاثرہ لوگوں کے بیان اور ڈی این اے ٹسٹنگ کے بعد پولیس نے لارڈ ولدڈ مورٹ کو گرفتار کر لیا۔
یی لن مینٹ کو دھمکیاں دینے پر پانچ اور سنگا پور کے ہراسمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 8 دفعات کے تحت مجرم قرار دیا ہے۔ اُن پر مزید 30 دفعات عائد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ انہیں عدالت نے 2 سال 5 ماہ کی سزا سنائی ہے۔ اُن کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ اُن کےموکل نے معاشی پریشانیوں کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں یہ قدم اٹھایا لیکن عدالت میں جمع کرائے گئے اُن کےخطوط سے کہیں بھی ظاہر نہیں ہوتا کہ یہ ذہنی پریشانی میں لکھے گئے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu