جاپانی کمپنی شرمیلے نوجوانوں کی طرف سے اظہار محبت کی خدمات فراہم کرتی ہے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 14 فروری 2019 23:52

جاپانی کمپنی شرمیلے نوجوانوں کی طرف سے اظہار محبت کی خدمات فراہم کرتی ہے

کچھ لوگوں کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ کچھ ایسے ہی شرمیلے نوجوانوں  کے لیے جاپان میں ایک کمپنی قائم کی گئی ہے جو اُن کی طرف سے اُن کے دوست کے سامنے محبت کا اظہار کرتی ہے۔
کوکونیوی(Kokunavi) نامی اس کمپنی کا نام دو جاپانی الفاظ ”کوکوہاکو“ (kokuhaku) یعنی محبت کا اعتراف اور ”نیوی گیشن“ (navigation) سے   بنا ہے۔کوکونیوی کا مقصد اظہار محبت سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہونے والے نوجوانوں کی مدد کرنا ہے۔

جب کوئی کلائنٹ اُن سے رابطہ کرتا ہے تو کمپنی کا نمائندہ کلائنٹ کے بتائے ہوئے شخص کے پاس جاتا ہے اور انہیں  کلائنٹ کی طرف سے محبت بھرا پیغام پہنچاتا ہے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے کسی شخص کا دوست اُس کی طرف سے محبت کا پیغام پہنچا دے تاہم کوکو نیوی اس کام کے لیے پیسے لیتی ہے۔

(جاری ہے)


کوکونیوی   نے اپنے صارفین کے لیے تین مختلف پیکیجز متعارف کرائے ہیں۔

بنیادی سادہ پیکیج  کی فیس 29 ہزار ین  یا 260 ڈالر ہے۔ اس میں  کمپنی  مطلوبہ شخص تک پیغام پہنچا تی ہے اور واپس آکر کلائنٹ کو رد عمل بتاتی ہے۔کوکونیوی کا دوسرا پیکیج سپورٹ پیکیج کورس ہے۔ اس پیکیج کی فیس 59 ہزار ین یا 530 ڈالر ہے۔ اس پیکیج میں کمپنی کے ماہرین کلائنٹ کے ساتھ دو سے تین بار ملاقات کرتے ہیں اور اسے اظہار محبت کی تربیت دیتے ہیں۔

کمپنی کلائنٹ کو اظہار محبت کا درست طریقہ اور وقت بھی بتاتی ہے۔
سب سے مہنگا پیکیج  پریمیم پیکیج ہے۔ اس پیکیج میں سپورٹ پیکیج کی تمام سہولیات اور کلائنٹ سے چار سے پانچ ملاقاتیں شامل ہیں۔ اس کی فیس 1 لاکھ 49 ہزار ین یا 1340 ڈالر ہے۔ اس میں کمپنی اپنے سابقہ ڈیٹا سے تجزیہ کر کے اظہار محبت کے کامیاب طریقے بتاتی ہے اور اس حوالے سے  کئی طرح سے مدد کرتی ہے۔


کوکونیوی کی ویب سائٹ پر کمپنی نے اپنے کلائنٹس کو کہا ہے کہ اظہار محبت کے لیے اُن کی خدمات لینے میں کسی قسم کی شرمندگی محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ اگر کسی کلائنٹ کو شک ہو کہ اُس کا دوست  کمپنی کے نمائندے کی محبت میں ہی گرفتار نہ ہوجائے تو کمپنی نے اس حوالے سے بھی  لوگوں کے تحفظات دور کیے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ایسا  نہ ہونے کے لیے بھرپور کوشش کرتے ہیں۔
جاپان میں روز مرہ کے کاموں  کے لیے پراکسی سروسز تیزی سے مقبول ہو رہی  ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے جاپان سے ایسی کمپنی کے بارے میں خبر آئی تھیں، جو کلائنٹس سے فیس وصول کر کے اُن کی طرف سے استعفیٰ دیتی تھی۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu