2700 ڈالر میں دوسروں کے لیے پیدل 100 میل کا مذہبی سفر کرنے والا شخص

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 7 مارچ 2019 22:02

2700 ڈالر میں دوسروں کے لیے پیدل 100 میل کا  مذہبی سفر کرنے والا شخص

کشکایش، پرتگال سے تعلق رکھنے والے  کارلوس گل  پیشے کے لحاظ سے رئیل اسٹیٹ ایجنٹ ہیں لیکن وہ دوسروں کے لیے مذہبی سفر بھی کرتے ہیں۔ کارلوس 2500 یورو یا 2700 ڈالر  لے کر  100 میل کا مذہبی سفر کرتے ہیں۔
کارلوس نے تقریباً 17 سال پہلے دوسروں  کے لیے مذہبی سفر کرنا شروع کیا تھا۔کارلوس کا کہنا ہے کہ کیتھولک چرچ   سے تعلق رکھنے والے دنیا میں چند افراد ہی اس طرح دوسروں کے لیے مذہبی سفر کرتے ہیں لیکن پرتگال میں وہ واحد ایسے شخص ہیں جو اس طرح کی سروس فراہم کرتے ہیں۔


کارلوس سال میں دو یا تین بار اپنے شہر سے پرتگال کے دوسرے شہر فاطمہ کا مذہبی سفر کرتے ہیں۔ یہ شہر بی بی مریم کے ایک ظہور سے منسوب شہر ہے۔ اور کیتھولک مسیحیوں کے لیے مذہبی تقدس کا حامل ہے۔ روایات کے مطابق اس شہر کا نام ایک افریقی شہزادی کے نام پر رکھا گیا ہے جنہیں پرتگالی سپاہی یہاں اغوا کرکے لائے تھے۔

(جاری ہے)


کارلوس کا ہر سفر صرف ایک شخص کے لیے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سروس سے انہیں کوئی منافع نہیں ہوتا بلکہ اس سے وہ راستے کے اخراجات اور  اپنے کام کا ہونے والا نقصان ہی پورا کرتے ہیں۔کارلوس کا کہناہے کہ انہیں اپنے گھر سے 100 میل دور فاطمہ شہر میں پہنچنے کے لیے 6 دن لگتے ہیں۔ اتنا وقت ہی انہیں واپس آنے میں لگتا ہے۔سفر کرنے کےلیے وہ مرکزی شاہراؤں سے دور دیہاتی راستوں کا انتخاب کرتے ہیں۔

راستے میں وہ لوگوں کے گھروں  میں ٹھہرتے ہیں یا آسمان کے نیچے سوتے ہیں۔
سفر میں موم بتی روشن کرنے پر کارلوس 25 یورو اور مناجات پڑھنے کے لیے 250 یورو وصول کرتے ہیں۔ اگر کارلوس کو بھیجنے والا شخص چاہے کہ آخری 400 میٹر کا فاصلہ کہنیوں کے بل طے کیا جائے تو اس کے لیے بھی اچھی ٖخاصی رقم اضافی خرچ کرنا پڑتی ہے۔
اپنے سفر کے ثبوت کے طور پر کارلوس راستے میں  ٹکٹس اور سرٹیفیکیٹس جمع کرتے ہیں ۔ سفر کے بعد یہ چیزیں سفر پر بھیجنے والے کو ارسال کر دی جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu