امتحان میں ”صرف“ 81 فیصد نمبر لینے پر مایوس ماں گلی میں ہی اپنے 12 سالہ بیٹے سے تعلق توڑ کرچلی گئی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 11 مارچ 2019 23:52

امتحان میں ”صرف“  81 فیصد نمبر لینے پر مایوس  ماں  گلی میں ہی اپنے  12 سالہ بیٹے سے تعلق توڑ کرچلی گئی

لوویانگ ، چین میں  ایک ماں اپنے 12 سالہ بیٹے سے تعلق ختم کر کے اسے گلی میں چھوڑ  گئی۔ بیٹے کا قصور امتحان میں ”صرف“ 81 فیصد نمبر لینا تھا، جو اس کی ماں کے نزدیک تسلی بخش نہیں تھے۔
لوویانگ کے گوچینگ ڈسٹرکٹ کی پولیس کو  گلی میں ایک لڑکا بھٹکتے ہوئے ملا تھا۔ اس لڑکے کی ماں، اسے اسی جگہ گاڑی سے اتار کر چلی گئی تھی۔ راہ گیروں کے مطابق انہوں نے گلی میں کار رکتے، عورت کو  بچے کو کار سے کھینچ کر باہر نکالتے اور اس کی پٹائی لگاتے دیکھا تھا۔

اس کے بعد عورت لڑکے کو وہاں چھوڑ کر چلی گئی، جس پر راہ گیروں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔پولیس نے بعد میں رپورٹروں کو بتایا کہ لڑکے کی ماں حالیہ امتحان میں  توقع کے مطابق 95 فیصد نمبر نہ  آنے پر اس سے تعلق ختم کر کے چلی گئی ہے۔

(جاری ہے)


اس واقعے کی فوٹیج کے مطابق پولیس آفیسر یانگ نامی  لڑکے سے پوچھ رہا ہے ”کیا یہ  آپ کی ماں تھی، جو آپ کی پٹائی لگا رہی تھی“۔

اس پر لڑکا جواب دیتا ہے” ہاں، میں نے اپنے امتحان میں اچھے نمبر نہیں لیے تھے“
پولیس  نے  کار کی نمبر پلیٹ سے لڑکے کی ماں کا پتا چلایا اور اسے  پولیس سٹیشن آ کر لڑکے کو لے جانے کا کہا۔ اس پر لڑکے کی ماں نے جواب دیا کہ  وہ لڑکے کو لینے نہیں آئے گی، وہ اسے  اپنے پاس رکھنا نہیں چاہتی، اگر اس پر مقدمہ درج کرنےکی دھمکی بھی دی جائے تو بھی وہ پولیس سٹیشن نہیں آئے گی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 12 سالہ لڑکے کو ایک گھنٹے بعد ہی اس کا ایک انکل لے گیا تھا۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ لڑکا اب اپنی ماں کے پاس ہے یا انکل کے پاس۔ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ پولیس لڑکے   کی ماں پر کیس چلائے گی یا نہیں۔
یانگ کی ماں کے سنگدلانہ رویے پر سوشل میڈیا صارفین نے کافی دکھ کا اظہار کیاہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu