روسی شہر میں چہرے پر تھپڑ مارنے کی انوکھی چیمپئن شپ کا انعقاد

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 21 مارچ 2019 23:50

روسی شہر میں چہرے پر تھپڑ مارنے کی انوکھی چیمپئن شپ کا انعقاد

روس کے شہر کراسنویارسک میں حال ہی میں ملک کی پہلی شوقین کھلاڑیوں کی  منہ پر تھپڑ مارنے کی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس چیمپئن شپ میں شرکا ایک دوسرے کے پورے چہرے پر اس وقت تک تھپڑ مارتے  رہے جب تک اُن میں سے ایک تھک کر باہر نہ ہوگیا۔
یہ متنازعہ مقابلے سائبرین پاور شو کے دوران منعقد کیے گئے۔  کھیلوں کا یہ مقبول شو کراسنویارسک میں 16 اور 17 مارچ کو منعقد کیا گیا۔

اسی طرح کا ایک مقابلہ پچھلے سال ماسکو میں بھی منعقد کیا گیا تھا لیکن وہ صرف پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے تھا۔ وہ  کھلاڑی  منہ پر پڑنے والے سب سے زیادہ بھاری ہاتھ کا اعزاز حاصل کرنا چاہتے تھے۔اس بار منتظمین نے شوقیہ کھلاڑیوں کو بھی قسمت آزمائی کا موقع دیا ہے۔
ان مقابلوں میں حصہ لینے والوں کی اکثریت اُن نوجوانوں  پر مشتمل تھی جو پاور شو دیکھنے آئے تھے لیکن کچھ نیا کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)


منہ پر تھپڑ مارنے کے مقابلوں کے اصول و ضوابط زیادہ واضح نہیں لیکن رپورٹس سے پتا چلتا ہے کہ اس میں دو کھلاڑی ایک دوسرے کے منہ پر تھپڑ مارتے ہیں، ان میں سے جو پہلے گر جاتا ہے  وہ مقابلے سے باہر ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ  اگردونوں کھلاڑی ایک دوسرے کو تین تین تھپڑ مار کر بھی کھڑے رہیں تو جج تھپڑ  کی طاقت اور طریقے کو مد نظر رکھ کر جیت کا فیصلہ کرتا ہے۔

اس کھیل میں کھلاڑی  تھپڑ مارتے ہوئے صرف اپنی  انگلیاں اور ہتھیلی کا اوپری حصہ استعمال کر سکتا ہے۔ کھلاڑیوں کو پورا ہاتھ یا ہتھیلی کا نچلا حصہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ کھیل کے دوران کھلاڑی دوسرے کھلاڑی کی کنپٹی، کانوں اور آنکھوں  پر بھی تھپڑ نہیں مار سکتے۔ اس اصول کا مقصد کھلاڑیوں کو  شدید زخمی ہونے سے بچانا ہے۔
بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس کھیل کے منتظمین نے کھلاڑیوں کو وزن کےحساب سے درجہ بندیوں میں تقسیم نہیں کیا اسی وجہ سے  ایک 168 کلوگرام وزنی کسان اپنے سے آدھے وزن کے کھلاڑیوں سے لڑتا بھی نظر آیا۔

وسلی کاموٹوسکی نامی اس کسان نے ہی یہ چیمپئن شپ جیتی ہے۔ چیمپئن شپ جیتنے پر کاموٹوسکی کو  30 ہزار روبل یا 470 ڈالر انعام ملا ہے لیکن اصل چیز تو وہ شہرت ہے جو اُن کی ایک ویڈیو وائرل ہونے پر انہیں ملی ہے۔ منتظمین نے کاموٹوسکی کو پیشہ ور کھلاڑیوں  سے مقابلہ کرنے کے لیے دوسری چیمپئن شپ میں بھی مدعو کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu