اپنی رگوں میں پھلوں کا رس منتقل کرنے والی عورت کے کئی اعضا متاثر

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 22 مارچ 2019 16:34

اپنی رگوں میں پھلوں کا رس منتقل کرنے والی عورت کے کئی اعضا متاثر

ایک چینی عورت غیر روایتی طریقہ علاج کے تحت اپنی  رگوں میں 20 طرح کے پھلوں کا رس انجیکٹ کرنے اور پھر زندہ بچنے پر خود کو کافی خوش قسمت سمجھ رہی ہیں۔
ژینگ نامی  51 سالہ خاتون  نے 22 فروری کو 20 مختلف اقسام کے پھلوں کا رس نکالا اور انہیں پینے کی بجائے اپنی رگوں میں ڈرپ کی مدد سے  ا نجیکٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ڈرپ لگانے کے کچھ دیر بعد ہی ان کے سر میں درد ہوا اور جسم کا درجہ حرارت بڑھنے لگا لیکن ژینگ نے اسے نظرانداز کر دیا۔

خوش قسمتی سے ژینگ کے شوہر نے اُن کی حالت دیکھی تو اُن کی بے چینی کو محسوس کر لیا۔ جب ژینگ کے شوہر کو معلوم ہوا کہ اُن کی بیوی نے کس انوکھے طریقہ  علاج سے جسم میں پھلوں کا رس منتقل کیا ہے تو وہ ژینگ کو لے کر ہسپتال پہنچ گئے۔
ژینگ کو ہونان صوبہ کے شہر چینگزو کی گوئیانگ کاؤنٹی  کے ہسپتال پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں نے انہیں فوراً ہی شیانگنان یونیورسٹی سے ملحقہ ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں  داخل کیا گیا۔

ژینگ کو کئی انفیکشن، جگر ، گردے  اور دل کی بیماریاں لگ گئی۔ڈاکٹروں کو خدشہ تھا کہ ژینگ کئی جسمانی اعضا کے کام چھوڑنے سے فوراً ہی وفات پا جائیں گی۔
ڈاکٹروں نے ژینگ کا خون صاف کرنے کے لیے اُن کا ڈائیلاسس کیا، اُن کے جسم میں کلوٹنگ ایجنٹس داخل کیے گئے اور انہیں اینٹی بائیوٹک ادویات دی گئیں۔پانچ دن کے مسلسل علاج سے ژینگ کی حالت سنبھلنے لگی۔


ژینگ نے بعد میں رپورٹروں کو بتایا ” میں نے سوچا کہ تازہ پھل   غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں اور یہ جسم میں انجیکٹ کرنے سے مجھے نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ مجھے اس مشکل میں ڈال دے گا۔“
ژینگ کا علاج کرنے والے ڈاکٹر  لیو جیانسیو کا کہنا ہے کہ جسم میں پھلوں کا رس داخل کرنے سے جگر اور گردے متاثر  ہوتے ہیں، اس سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر لیو نے بتایا کہ کچھ پھلوں کا رس خون کی رگوں کے لیے مفید ہوتا  ہے لیکن انہیں انجیکشن کے ذریعے رگوں میں داخل نہیں کیا جاتا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu