زولوتورن ۔ سوئزرلینڈ کا ایک انوکھا شہر جہاں عدد 11 کی خاص اہمیت ہے

پیر 25 مارچ 2019 21:15

زولوتورن ۔ سوئزرلینڈ کا ایک انوکھا شہر جہاں عدد 11 کی خاص اہمیت ہے

زولوتورن (Solothurn)   شمال مغربی سوئزرلینڈ کا ایک خوبصورت شہر ہے۔اس شہر کی وجہ شہرت  اس  کی عدد 11 سے حیرت انگیز نسبت بھی ہے۔ایسا لگتا ہے کہ اس شہر میں ہر چیز 11 عدد کو سامنے رکھ کر ڈیزائن کی گئی ہے۔ اس شہر میں 11 چرچ اور چیپلز ہیں۔ یہاں 11 تاریخی فوارے اور 11 عجائب گھر ہیں۔ زولوتورن میں 11 مینار ہیں۔ اس شہر میں ایک ایسا  انوکھا گھنٹہ بھی ہے جہاں  ڈائل کے صرف 11 عدد ہے،  اس گھنٹے میں 12 واں عدد نہیں ہے۔


اگرچہ ہر کوئی جانتا ہے کہ زولوتورن میں 11 کے عدد کو انتہائی اہمیت حاصل ہے لیکن اس کی وجوہات کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔ اس حوالے سے ایک لوک داستان بھی مشہور ہے کہ  قریبی پہاڑیوں سے  جادوئی بونوں یا جنوں(elf) نے آکر گاؤں والوں کی مدد کی تھی جو بہت زیادہ محنت کرنے کے باوجود بھی خوشحال نہیں تھے۔

(جاری ہے)

جرمن زبان میں elf گیارہ کو کہتے ہیں۔ اسی وجہ سے گاؤں میں 11 کا عدد اہمیت اختیار کر گیا۔


کچھ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ گاؤں میں 11 عدد کی اہمیت بائبل یا مذہبی حوالے سے ہے۔ اس گاؤں میں 11 عدد کی اہمیت صدیوں سے ہے۔
زولوتورن کی تاریخ میں 11 عدد کا ذکر پہلی بار 1252ء میں ملتا ہے جب گاؤں کی کونسل کے لیےہونے والے الیکشن میں 11 اراکین منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد 1481ء میں زولوتورن سوئس فیڈریشن کا 11 واں کینٹن بن گیا۔ایک صدی بعد یہ  11 پروٹیکٹوریٹ یا زیر حمایت حکومتوں میں تقسیم ہو گیا۔

ایک عجیب اتفاق یہ بھی ہے کہ یہاں پر قرون وسطیٰ میں 11 سوسائٹیز یا گلڈز موجود تھے، جن کا تذکرہ تاریخ میں ملتا ہے۔
زولوتورن کی 11 کے ساتھ محبت کی ایک اور یادگار کیتھڈرل آف سینٹ ارسس ہے۔ اسے اطالوی  ماہر تعمیرات گائتانو ماتیو  پیسونی نے ڈیزائن کیا تھا، جسے احکامات دئیے گئے تھے کہ اس کی تعمیر میں 11 کا عدد کثرت سے استعمال ہو۔ یہ 11 سال میں تعمیر ہوا۔

اس میں تین سیڑھیاں ہیں، ہر سیڑھی میں 11 قطاریں، 11 دروازے، 11 گھنٹیاں اور 11 قربان گاہیں ہیں۔ان میں سے ایک قربان گاہ 11 مختلف اقسام کے پتھروں سے بنی ہے۔چرچ کے درمیان میں 11ویں سیاہ پتھر سے 11 قربان گاہیں ایک ساتھ دیکھی جا سکتی ہیں۔اس چرچ میں دیواریں، پائپ اور بہت سی اشیا 11 پر تقسیم کی  جا سکتی ہیں۔
زولوتورن کے لوگوں نے 11 کے عدد کو اپنی  روز مرہ کی زندگی کا حصہ بھی بنایا ہے۔

مثال کے طور پر یہاں ہر شخص کی 11ویں یا 11 پر تقسیم ہونے والی عمر کی سالگرہ کی خصوصی تقریبات ہوتی ہیں۔ یہاں کے کاروباری ادارے بھی اپنے نام میں 11 کا عدد کثرت سے استعمال کرتےہیں۔
زولوتورن کا 11 کے عدد کے ساتھ پراسرار رشتہ یہاں آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔یہاں پر سیاحوں کو 11 کے عدد کےحوالے سے خصوصی تھیم ٹور کرایا جاتا ہے۔

زولوتورن ۔ سوئزرلینڈ کا ایک انوکھا شہر جہاں عدد 11 کی خاص اہمیت ہے

Browse Latest Weird News in Urdu