صرف پھلوں کا جوس اور پانی پینےسے خواتین کو تین ہفتوں میں ناقابل تلافی دماغی نقصان ہو سکتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 4 اپریل 2019 23:56

صرف پھلوں کا جوس اور پانی پینےسے خواتین کو تین ہفتوں میں ناقابل تلافی دماغی نقصان ہو سکتا ہے

ایک اسرائیلی عورت، جن کی عمر 40 کی دہائی میں ہے، نے تل ابیب کے شیبا میڈیکل سنٹر میں ڈاکٹروں کو بتایا ہے کہ وہ تین ہفتوں سے صرف مائع خوراک لے رہی ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تین ہفتوں سے صرف پھلوں کا جوس اور پانی پینے سے ان خاتون کےدماغ کو ناقابل تلافی نقصان  پہنچا ہے۔
اِن خاتون ، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، کا وزن 40 کلو گرام سے بھی کم ہو گیا ہے۔

مائع خوراک لینے کی وجہ سے اُن کے جسم میں نمکیات کا توازن بگڑ گیا ہے۔ خاتون نے مائع خوراک کا استعمال  متبادل تھراپسٹ کی ہدایت پر کیا تھا۔

(جاری ہے)


اگرچہ ڈاکٹروں نے اِن خاتون کی حالت نہیں بتائی لیکن اندازہ ہے  کہ  انہیں ہائپوناٹرائیمیا (hyponatraemia)   بیماری ہوئی ہے جو خون میں سوڈیم کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہے۔

جب خون میں سوڈیم کی سطح بہت  کم ہو جائے تو پانی دماغ کےخلیوں میں داخل ہوجاتا ہے، جس سے خلیے پھُول یا سوج جاتے ہیں۔

 
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک خوراک کی کمی اور  مائع خوراک لینے کی وجہ سے اِن خاتون کا دماغ مستقل متاثر ہو سکتا ہے۔
اسرائیل میں متبادل تھراپسٹ  کے حوالے سے قانون سازی نہیں کی گئی ، اسی وجہ سے  لوگ خود کو ماہر ظاہر کر کے پیسوں کے لیے مشاورت فراہم کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu