مالک کے ساتھ دفن ہونے کے لیے صحت مند کتے کو بھی مرنا پڑا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 24 مئی 2019 23:38

مالک کے ساتھ دفن ہونے کے لیے صحت مند کتے کو بھی مرنا پڑا

ایما نامی خوبصورت اور صحت مند کتیا کو اپنی مالکن کی وصیت کی وجہ سے موت کے منہ میں جانا پڑا۔ ایمان کی مالکن نے وصیت کی تھی کہ ان کی پیاری کتیا کو اِن کے مرنے پر اِن  کے ساتھ ہی دفن کیا جائے۔
ایما کو 8 مارچ کو  چیسٹرفیلڈ، ورجینیا میں چیسٹر فیلڈ کاؤنٹی اینیمل شیلٹر لایا گیا، جہاں اسے دو ہفتے رکھا گیا۔ جانوروں کے تحفظ کے اس مرکز نے کئی بار ایما کی مالکن  کے ورثا سے درخواست کی کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں کیونکہ کوئی بھی خاندان ایما کو اپنا سکتا تھا۔

22 مارچ کو  آخری درخواست کے جواب میں بھی جب ورثا نے ایما کو ٹھکانے لگانے کا کہا تو اسے جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا، جہاں اسے پرسکون موت دے دی گئی۔ مرنے کے بعد ایما کی لاش کو جلایا گیا اور راکھ کو مرتبان میں ڈال کر قبر میں  ایما کی مالکن کی باقیات کے پاس رکھ دیا گیا۔

(جاری ہے)


امریکا کی کچھ ریاستوں میں پالتو جانوروں کو ذاتی ملکیت سمجھا جاتا ہے اور جانوروں کے ڈاکٹروں کا مالکان کی خواہش کے مطابق، چاہے یہ خواہش اُن کے مرنے کے بعد سامنے آئے،   پالتو جانوروں کو پرسکون موت دینا قانونی ہے۔

امریکا کی تمام ریاستیں پالتو جانوروں کو مار کر انہیں مالکان کے ساتھ دفن کرنے کی اجازت نہیں دیتی لیکن کچھ ریاستوں جیسے ورجینیا میں یہ عام ہے۔
عام طور پر پالتو جانوروں کو اس وقت پرسکون موت دی جاتی ہے جب وہ بہت بوڑھے ہوجائیں یا  کافی بیمار ہوں اور انہیں نیا گھر ملنے کی امید نہ ہو لیکن ایما کے کیس میں ایسا نہیں ہے۔ ایما خوبصورت تھی اور بالکل صحت مند تھی۔ بہت سے لوگ اسے اپنانا چاہتے تھے۔
ایما کی درد ناک کہانی نے انٹرنیٹ پر ایک نئی بحث کا آغاز کر دیا ہے۔ دنیا بھر کے ہزاروں صارفین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کو قابل نفرت طریقے سے حل کیا  گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu