مصنوعی ذہانت اور چہرہ شناس ٹیکنالوجی کے استعمال سے اب کتے بھی آن لائن شاپنگ کر سکیں گے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 13 جون 2019 23:54

مصنوعی ذہانت اور چہرہ شناس ٹیکنالوجی کے استعمال سے اب کتے بھی آن لائن شاپنگ کر سکیں گے

پالتو جانوروں کے برازیلین سٹور پیٹز (Petz) نے چہرہ شناسی یعنی فیس ریکگنیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو یکجا  کر کے ایک انقلابی پلیٹ فارم بنایا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر پالتو کتے اپنی پسندیدہ مصنوعات خرید سکیں گے۔ پالتو کتوں کی پسندیدگی کو جاننے کے لیے  اُن کے چہرے کے تاثرات کا تجزیہ کیا جائے گا۔پالتو جانوروں کے مالکان کے لیے یہ کافی مایوس کن ہوتا ہے کہ وہ اپنے جانوروں کے لیے کوئی کھلونا خریدیں اور جانور اسے پسند نہ کریں لیکن نئے آن لائن سٹور پیٹ کامرس (Pet-Commerce) کی بدولت اب پالتو جانور اپنی مرضی کی مصنوعات خرید سکیں گے۔


اس کے لیے  پالتو جانور کے مالک کو انٹرنیٹ سے منسلک کیمرہ کتے کے چہرے کی طرف کرنا پڑے گا، جس کے بعد پیٹ کامرس  کا مصنوعی ذہانت کا الگورتھم کتے کے چہرے کا تجزیہ کرے گا۔

(جاری ہے)

اس دوران مالک لیپ ٹاپ  یا کمپیوٹر کی سکرین پر مختلف مصنوعات دیکھتا رہے گا۔ جیسے ہی مصنوعی ذہانت کتے کے چہرے پر خوشی کا پتا چلائے گی پراڈکٹ خود بخود شاپنگ  کارٹ میں شامل ہو جائے گی۔

جس کے بعد مالک    ادائیگی کر کے خریدی ہوئی پراڈکٹ گھر بیٹھے حاصل کر سکے گا۔
پیٹ کامرس پلیٹ فارم کو حقیقت  کا روپ دینے کے لیے  برازیلین ایڈورٹائزنگ ایجنسی اگیلوی نے ڈاگ ٹرینر لیونارڈو اگاٹا کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ لیونارڈو نے  مختلف نسل کے کتوں کے چہروں کے تاثرات اور اُن کے مطلب کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔کتوں کے چہروں کے درست تاثرات اخذ کرنے کے لیے آن لائن پلیٹ فارم میں ہزاروں تصاویر فیڈ کی گئی ہیں۔
پیٹ کامرس ابھی صرف پالتو کتوں کے لیے اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔پیٹ کامرس کے سی ای اوسرگیو زیمرمین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس میں بلیوں کا آپشن بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔


متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu