ارجنٹائن کے ہاچیکو نے مالک کی گرفتاری پر 1 سال جیل سے باہر انتظار میں گزار دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 21 جون 2019 23:36

ارجنٹائن کے ہاچیکو نے مالک کی گرفتاری پر 1 سال جیل سے باہر انتظار میں گزار دیا

ہاچیکو جاپان میں ایک اکیتا نسل کا کتا تھا۔ اسے وفاداری کی مثال سمجھا جاتا ہے۔  یہ کتا اپنے مالک کی وفات کے 9 سال بعد بھی اس کا انتظار کر تا رہا تھا۔ایسے ہی   وفادار کتے کی ایک مثال حالیہ دنوں میں ارجنٹائن میں نظر  آئی۔
شیلا، ایک گولڈن ریٹریور مکس نسل کی کتیا ہے۔بیونس آئرس میں ایک پولیس اسٹیشن کے سامنے بیٹھی اس کتیا نے جنوبی امریکا کے کروڑوں لوگوں کے دلوں کو پگھلا دیا ہے۔

ایک سال پہلے شیلا کے مالک کو گرفتار کیا گیا تھا، شیلا تب سے ہی پولیس اسٹیشن  کے باہر بیٹھی اپنے مالک کا انتظار کر رہی ہے۔
اس وفادار کتیا کو پچھلے سال مالک کی گرفتاری کے بعد  بیونس آئرس کے ایک چھوٹے ٹاؤن  میں ایک پولیس سٹیشن کے باہر بیٹھا دیکھا گیا ہے۔پولیس اسٹیشن کے عملے کو یقین ہے کہ  اس کتیا  نے پیٹرولنگ گاڑی کا پیچھا کیا تھا۔

(جاری ہے)

ایک بار یہ کتیا یہاں آئی تو واپس نہیں گئی۔ جلد ہی  یہ پولیس اسٹیشن کے عملے کی نظروں میں آگئی۔ عملہ اسے کھانا دے کر اُن کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کرنے لگا۔شروع میں ہی شیلا ہچکچائی لیکن اب وہ کھانے اور رات کو پولیس اسٹیشن میں سونے کے لیے عملے پر انحصار کرنے لگی ہے۔کبھی کبھار وہ پولیس کے ساتھ پیٹرولنگ پر چلی جاتی ہے لیکن زیادہ وقت پولیس اسٹیشن کے باہر اپنے مالک کا انتظار کرتی ہے۔


ڈپٹی کمشنر جوان جوز نے بتایا کہ  جس دن سے وہ  ایک آدمی کو پکڑ کر پولیس اسٹیشن لائے ، اس کےبعد ہی شیلا وہاں نظر آنے لگی اور کبھی واپس نہیں گئی۔جوان جوز نے بتایا کہ شیلا مالک کی گرفتاری کے بعد پہلے  منٹ سے ہی پیٹرولنگ کے پیچھے ہوگی۔ پولیس اسٹیشن کی عمارت کے باہر کھڑی شیلا نے جلد ہی  ہر کسی کی توجہ اور شفقت حاصل کرلی۔اب شیلا اس پولیس اسٹیشن کا حصہ سمجھی جاتی ہے اور گشت کے دوران پیٹرول کار کے پیچھے رہتی ہے۔


پولیس اسٹیشن کا عملہ  شیلا کی وفاداری سے اتنے متاثر  ہیں کہ وقتافوقتاً شیلا کو اپنے مالک سے ملنے دیتے ہیں یا رات کو مالک کی کوٹھری کے باہر سونے دیتے ہیں۔
کچھ ماہ پہلے ایک دوسرے کتے نے شیلا پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا تھا۔ پولیس اسٹیشن کے عملے نے  اس کی مدد کی اور اسے بچایا۔ وہ 15 دن تک جانوروں کے ہسپتال رہی۔ شیلا کے طبی اخراجات پولیس اسٹیشن نے ادا کیے۔

خوش قسمتی سے شیلا جلد ہی صحت مند ہوگئی اور پھر سے پولیس اسٹیشن کے باہر  اپنے مالک کا انتظار کرنے لگی۔
پولیس کو شیلا سے کافی لگاؤ ہو گیا ہے۔ جوان جوز فکر مند ہے کہ مالک کی رہائی کے بعد شیلا یہاں سے چلی جائے گی تو کیا ہوگا، وہ اسے بہت یاد کریں گے۔شیلا کو جیل کے باہر ابھی طویل انتظار کرنا ہے۔ اس کے مالک کو ساڑھے تین سال قید کی سزا ہوئی ہے، جس کے ختم ہونے میں ابھی کافی عرصہ ہے۔

ارجنٹائن کے ہاچیکو نے مالک کی گرفتاری پر 1 سال جیل سے باہر انتظار میں ..

Browse Latest Weird News in Urdu