سی آئی اے کے ہیڈکوارٹر میں نصب ”کرپٹوز“ کے کوڈ کو 30 سال سے حل نہیں کیا جا سکا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 13 جولائی 2019 23:56

سی آئی اے کے ہیڈکوارٹر میں نصب ”کرپٹوز“ کے کوڈ کو 30 سال سے حل نہیں کیا جا سکا
لینگلے میں قائم سی آئی اے کے ہیڈکوارٹر میں بہت سی  پراسرار چیزیں ہیں۔ ان میں ایک ایسا فن پارہ بھی ہے، جس پر درج کوڈ کو تین دہائیوں سے  نہ تو پیشہ وراور نہ ہی شوقیہ افراد حل کر سکے ہیں۔
کرپٹوز(Kryptos)   ایک مجسمہ  نما فن پارہ ہے، جس  پر ایک امریکی آرٹسٹ جم سانبورن نے ایک کوڈ کندہ کیا ہے۔ اس فن پارے کو نومبر 1990 میں سی آئی اے کے ہیڈکوارٹر میں نصب کیا گیا تھا۔

تب سے آج تک کوئی بھی اس کوڈ کو مکمل طور پر حل نہیں کر سکا۔
سی آئی اے کے ماہرین، پیشہ ور اور شوقیہ افراد 12 فٹ کے تانبے کے بلاک پر بنے 1800 حروف  کوڈ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک اس کوڈ کو مکمل حل نہیں کیا جا سکتا۔ماہرین اس کوڈ کے چارپیغامات میں سے تین پیغامات کو  حل کر چکے ہیں لیکن چوتھا پیغام ابھی تک کسی کی سمجھ میں نہیں آیا۔

(جاری ہے)

اسے حل کرنے کے لیے ماہرین نے  ہر کتاب  میں درج تمام حربے آزما لیے۔ٹرانسپوزیشن، بائنری، پولی  الفابیٹک سبسٹی ٹیوشن اور مورس کوڈ کو بھی  آزما لیا گیا لیکن 97 حروف پر مشتمل  چوتھا پیغام ابھی تک حل طلب ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرپٹوز کے پہلے 3 پیغام اس کی تعمیر کے پہلے 8 سالوں میں حل کر لیے گئے تھے۔اس کے بعد سے کسی کو بھی کامیابی نہیں ملی۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ پہلے دو پیغامات بہت  سادے ہیں۔ کرپٹو گرافی کا علم رکھنے والا کوئی بھی شخص انہیں حل کر سکتا ہے۔تیسرا حصہ کچھ زیادہ پیچیدہ ہے لیکن وہ بھی حل کر لیا گیا۔ اب ہر  کوئی چوتھے حصے کو حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو بظاہر ناممکن نظر آتا ہے۔
30 سالوں سے سی آئی اے، این ایس اے اور دنیا بھر کے  کرپٹو گرافی کے ماہرین چوتھے حصے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس وقت کرپٹوز کے چوتھے حصے کو حل کرنے کے لیے کئی عالمی گروپ بن گئے ہیں۔ ان گروپوں میں ہزاروں افراد اسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بہت سے افراد جم سانبورن سے ملتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ انہیں کوئی اشارہ دیں گے  لیکن وہ لوگوں کو بہتر سے بہتر اندازہ لگانےمیں مشغول رکھتے  ہیں۔ایسا نہیں ہے کہ جم اس حصہ کو حل کرنے کے اشارے نہیں دیتے۔

وہ ماضی میں اسے حل کرنے کے ایک نہیں دو اشارے دے چکے  ہیں۔
چند سال پہلے انہوں نے اشارہ دیا کہ 97 حروف کے پیغام میں 64 سے 69 ویں  حروف NYPVTTہے۔ اس کا ترجمہ BERLIN کیا گیا۔کچھ سال بعد انہوں نے 70 سے 74 ویں حروف  کے بارے بتایا، جو CLOCK  تھا۔بدقسمتی سے ماہرین کو برلن کلاک کے دو الفاظ سےبھی زیادہ مدد نہیں مل سکی۔
ایک سوال کے جواب میں جم سانبورن نے بتایا کہ وہ اس حصے کا حل کسی شخص کے پاس جمع کرا چکے ہیں، اگر کوئی اسے حل کر لے گا تو وہ شخص اس کی تصدیق کر دےگا۔ جم نے مزید بتایا کہ وہ اس کا حل ایک سیفٹی باکس میں بھی رکھ چکے ہیں، ہو سکتا ہے کہ جم کی وفات کے بعد اسے ظاہر کر دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu