یونانی کتا 18 ماہ سے مالک کی کار کے حادثے کی جگہ پر بیٹھا انتظار کر رہا ہے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 15 جولائی 2019 23:53

یونانی کتا 18 ماہ سے مالک کی کار کے حادثے کی جگہ پر بیٹھا انتظار کر رہا ہے

یونان کے ایک وفادار کتے نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے دلوں کو پگھلا دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ کتا 18 ماہ سے سڑک کے کنارے بیٹھا  اپنے مالک کا انتظار کررہا ہے۔ یہ کتا عین اس جگہ بیٹھا ہےجہاں اس کےمالک کی کار کو حادثہ پیش آیا تھا اور وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
اس کتے کو جاپان کے ایک وفادار کتے ہاچیکو کے نام پر یونانی ہاچیکو کا نام دیا گیا ہے۔

جاپانی ہاچیکو بھی کئی سالوں تک ٹرین سٹیشن پر اپنے مالک کی واپسی کا انتظار کرتا رہاتھا۔
یونانی ہاچیکو   ڈیڑھ سال سے  ایک یونانی ٹاؤن  ناوپاکتوس کےقریب سڑک کنارے  بیٹھا ہے۔اس کتے کو بہت سے لوگوں نے اپنانے کی کوشش کی لیکن وہ ہر بار بھاگ کر واپس اپنی جگہ پر آ جاتا ہے۔
9 نومبر 2017 کو اس کتے کے 40 سالہ مالک  ہیرس کی حادثے میں موت نے علاقے میں رہنے والوں کو افسردہ کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

چند سال پہلے ہیرس کے بھائی کا بھی اسی طرح کار حادثے میں انتقال ہو گیاتھا۔ حیرت انگیز طورپرہیرس کے بھائی کی کار کو چند میل دور حادثہ پیش آیا تھا۔تاہم ہیرس کی موت  اُن کے پالتو کتے کے جائے حادثہ پر بیٹھے رہنے کی وجہ سے بڑا سانحہ سمجھی جا رہی  ہے۔
یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ کتا حادثے کے وقت کار میں ہی موجود تھا یا بعد میں اس جگہ آیا ہے۔

اس جگہ سے میلوں دور آبادی کا نام  و نشان نہیں ہے  ، لوگوں کا کہنا ہے کہ  وہ 18 ماہ سے اس کتے کو اسی جگہ بیٹھے دیکھ رہے ہیں۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں نے اس کتے کے نزدیک بہتر پناہ  گاہ بنا دی ہے۔ لوگ ہر روز اس کےلیے کھانا اور پانی لے کر آتےہیں۔
یہ وفادار کتا پچھلے ہفتے اس وقت وائرل ہوگیا، جب  ناوپاکتوس نیوز نے یوٹیوب پر اس کی ویڈیو اپ لوڈ کی۔


متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu