آئرلینڈ کی خاتون کو 648 ویں بار مجرم قرار دے دیا گیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 17 جولائی 2019 23:55

آئرلینڈ کی خاتون کو 648 ویں بار مجرم قرار دے دیا گیا

آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی 44 سالہ جینیفر آرمسٹرونگ   کے پاس ایک منفرد لیکن مجرمانہ ریکارڈ ہے۔انہیں آئر لینڈ میں سب سے زیادہ بار جرائم  میں مجرم نامزد کیا گیا۔ حال ہی میں انہیں 648 ویں بار مجرم قرار دیا گیا۔.
چند دن پہلے ہی جینیفر کو 16 ماہ کی قید سے رہائی ملی ہے، جس کے دو دن بعد وہ نشے میں شراب کی بوتل چراتے ہوئے پکڑی گئیں۔
جینیفر ماضی میں بہت سے جرائم جیسے لوگوں کی چیزیں چرانا، انہیں دھمکانا اور ان پر تشدد کرنا جیسے جرائم، میں سزا کاٹ چکی ہیں۔


عدالت میں اپنی حالیہ پیشی کے دوران جینیفر نے جج سے صرف ”ایک آخری موقعے“ کی درخواست کی، جس کے بعد جج نے انہیں 6 ماہ کی معطل سزا سنائی۔
جینیفر کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ اُنکی موکلہ نے درد ناک زندگی گزاری ہے، غربت کے باعث انہوں نے چھوٹے موٹے جرائم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک مقام پر تو وہ ہیروئن اور کوکین دونوں کا نشہ کرتی تھیں لیکن معجزاتی طور پر انہوں نے دونوں نشے چھوڑ دئیے، آج کل انہیں الکوحل کے مسائل کا سامنا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ جینیفر آج کل بے گھر ہیں، انہوں نے اپنا طرز زندگی بدلنے کی کئی بار کوشش کی لیکن مجبور ہو کر ہر بار پرانے راستے پر چل پڑتی ہیں۔ اُن کا 648 واں جرم 8 یورو کی شراب کی بوتل کی چوری تھا۔ رپورٹ کے مطابق چوری کرتے ہوئے وہ نشے میں تھیں۔
44 سالہ جینیفر اپنی زندگی کے 27 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزار چکی ہں۔ انہیں 88 بار چوری اور 216 بار عوامی مقامات پر نشہ کرنے کے جرم میں سزا ہوئی ہے۔
648 دفعہ جرم میں نامزدگی اگرچہ بہت زیادہ ہے لیکن یہ برطانیہ کے سب سے زیادہ بار سزا بھگتنے والے مجرم سے 20 بار کم ہے۔ برطانوی مجرم 668 بار مجرم نامزد کیا جا چکا ہے۔ زیادہ بار مجرم نامزد ہونے کی دوڑ میں جینیفر کا نمبر دوسرا ہو سکتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu