جرمن خاتون انک جیٹ پرنٹر پرکرنسی نوٹ پرنٹ کرنے کے بعد کار خریدنے پہنچ گئیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 19 جولائی 2019 23:52

جرمن خاتون انک جیٹ پرنٹر پرکرنسی  نوٹ پرنٹ کرنے کے بعد کار خریدنے پہنچ گئیں

جرمنی میں حال ہی میں  ایک 20 سالہ خاتون کو 15 ہزار یورو کے جعلی نوٹوں سے کار خریدنےکی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ کرنسی نوٹ ایک  سستے  انک جیٹ پرنٹر سے عام سے کاغذ پر پرنٹ کیے گئے تھے۔
رپورٹس کےمطابق ایک خاتون، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، سوموار کو جرمنی کے شہر کائزرسلائوٹرن میں ایک کار ڈیلر شپ پر پہنچی۔ وہ 2013 ماڈل کی آڈی اے 3 خریدنا چاہتی تھیں۔


شروع میں تو سب معاملات ٹھیک رہے، خاتون نے کار کا معائنہ کیا اور اسے ٹسٹ ڈرائیو پر لے گئیں۔ لیکن جب  ادائیگی کا  معاملہ آیا تو کار ڈیلر شپ کا عملہ  50 اور 100 ڈالر  کےنوٹ دیکھ کر حیران رہ گیا۔ یہ نوٹ اصل کرنسی کی بجائے مونو پلی کھیل  میں استعمال ہونے والے نوٹ لگ رہے تھے۔کار ڈیلر شپ کے ایک ملازم نے خاتون سے  پوچھا کہ کیا وہ مونوپلی کھیلنا چاہتی ہیں یا کار خریدنا چاہتی ہیں؟  لیکن جب ملازم نے دیکھا کہ خاتون سنجیدہ ہیں تو انہوں نے پولیس کو بلا لیا۔

(جاری ہے)


پولیس نے جب قریبی شہر  پیرمازنز میں خاتون کے گھر کی تلاشی لی تو انہیں  عام پیپر شیٹس پر 13 ہزار یورو کے ایسے نوٹ ملے، جنہیں کاٹ کر الگ الگ بھی نہیں کیا گیا تھا۔ دیکھنے میں یہ نوٹ اس طرح پرنٹ کیے گئے تھے کہ کوئی بھی شخص ان کے جعلی ہونے کا پتا چلا سکتا تھا۔
جرمنی کی فیڈرل کریمنل پولیس کے مطابق جعلی کرنسی  قابل تعزیر جرم ہے، جس کی کم از کم سزا ایک سال  قید ہے۔اگر جعلی کرنسی کو پھیلانے والا پیشہ ور کے طور پر کام کرے یا کسی گروہ کا رکن ہو تو یہ  سزا دو سال تک ہوسکتی ہے۔جرمن مارکیٹ میں جعلی کرنسی متعارف کرانے کی سزا 5 سال قید اور جرمانہ ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu