گمشدہ پالتو کتا ڈھونڈنے والے کو انعام میں گھر ملے گا۔ پریشان شخص نے اعلان کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 20 جولائی 2019 23:56

گمشدہ پالتو کتا ڈھونڈنے والے کو انعام میں گھر ملے گا۔ پریشان شخص نے اعلان کر دیا

ٹوسان، ایریزونا  سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے کئی ماہ تک اپنے پالتو گمشدہ کتے کو تلاش کیا اور اب پریشان ہو کر کہا ہے کہ جو بھی اس کتے کو تلاش کرے گا،و ہ اسے اپنا مکان انعام میں دے گا۔ یہ گھر ایک بیڈ روم، اس کے ساتھ خالی پلاٹ، ایک ورک شاپ اور ایک ٹریلر  پر مشتمل ہے۔
ایڈی کولنز  کی  پالتو کتیا  جینی  اپریل میں گم ہوئی تھی۔انہوں نے اس کی تلاش کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا۔

انہوں نے جینی کو ہر ممکنہ مقام پر تلاش کیا،  پورے ٹوسان میں اس کے پوسٹر لگائے اور تمام ڈاگ شیلٹرکا دورہ کیا۔ انہوں نے جینی کی تلاش کا چانس بڑھانےکے لیے اپنے واحد اثاثے کو انعام میں دینے کا فیصلہ کیا۔ ایڈی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی جینی کو تلاش کر کے لائے گا، اسے وہ اپنا مکان،  اپنی ورکشاپ ، ٹریلر اور اس کے ساتھ خالی پلاٹ انعام میں دیں گے۔

(جاری ہے)


دل برداشتہ ایڈی نے نیوز 4 ٹوسان کو بتایا کہ وہ  ہر جگہ جینی کو تلاش کرتے ہیں، اب تھک ہار کر انہوں نے جینی کو تلاش کرنے والے کے لیےانعام کا اعلان کیا ہے۔ایڈی کا کہناہے کہ وہ اپنی ملکیت کی ہرچیز جس میں ایک بیڈ روم کا مکان، ایک ورک شاپ، ایک ٹریلر اور ایک خالی پلاٹ  جینی کو ڈھونڈنے والے کو انعام میں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جینی کو ڈھونڈنے والے سے کوئی سوال نہیں پوچھا جائے گا ، اسے بس انعام دے دیا جائے گا۔
اتنے بڑے انعام کے باوجود ابھی تک  جینی کا کوئی اتا پتا نہیں ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu