ماہرین آثار قدیمہ نے یروشلم کے قریب 9000 سال قدیم شہر دریافت کر لیا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 20 جولائی 2019 23:56

ماہرین آثار قدیمہ نے  یروشلم کے قریب  9000 سال قدیم شہر دریافت کر لیا

یروشلم شہر کے نزدیک موٹزا  میں ہونے والی ایک کھدائی  میں 9000 سال قدیم شہر دریافت ہوا ہے۔آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق  اس جگہ پر ہائی وے تعمیر کی جانی تھی لیکن ہائی وے کی تعمیر سے پہلے ہونے والے سروے میں ایک نیا شہر دریافت ہوگیا۔
پتھر کے زمانے کا یہ شہر برطانیہ کی  سٹون ہینج یاد گار سے بھی زیادہ قدیم ہے۔اس دور میں زیادہ سے زیادہ آبادی شہروں میں آباد ہو رہی تھی۔


موٹزا کی کھدائی کے شریک ڈائریکٹر جیکب وارڈی  نے دعویٰ کیا کہ اس کھدائی سے  تاریخ کے اس دور سے حاصل ہونے والا علم ماہرین آثار قدیمہ میں بگ بینگ  کے لمحے کی طرح ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کھدائی پتھر کے دور کے حوالے سےاُن کا تصور بدل دے گی۔
تحقیقی ٹیم کا خیال ہے کہ اس شہر کی آبادی 2000 سے 3000 افراد کے درمیان تھی۔

(جاری ہے)

یہ آج کے چھوٹے شہروں جتنی آبادی ہے۔


یہ شہر کئی ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا تھا۔ یہ یروشلم  کے مرکز سے 3 میل شمال مغرب میں واقع ہے۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق پہلے ماہرین سمجھتے تھے کہ تاریخ کے اس دور میں یہ علاقہ غیر آباد تھا لیکن اب اس غیر آباد جگہ پر ہی زمین سے کئی فٹ نیچے ایک نیا شہر دریافت ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس جگہ سے  ہزاروں  تیروں کی  نوکیں، چقماق اوزار، کلہاڑے،  درانتی کی طرح کے بلیڈ اور چاقو دریافت ہوئے ہیں۔


یہاں موجود چیزوں سے پتا چلا ہے کہ یہاں کےلوگ شکار بھی کرتے تھے اور کھیتی باڑی سے بھی گزر بسر کرتے تھے۔ یہاں پر جانوروں کی ہڈیاں بھی دریافت ہوئی ہیں، جس سے پتا چلتا ہے کہ یہاں کے لوگ خوراک کے لیے بھیڑیں پالتے تھے۔ جس کی وجہ سے اُن کا شکار پر انحصار بتدریج کم ہوتا گیا۔
موٹزا شہر کے قدیم رہائشی گھروں میں بکریاں بھی پالتے تھے۔ماہرین کا اندازہ ہے کہ وہ ترکی، اردن اور بحیرہ احمر کے گرد کےرہنے والے لوگوں سے بکریوں کی تجارت بھی کیا  کرتے تھے۔

اس شہر سے گائے اور سور کے فارموں کے نشان بھی ملے ہیں۔ ہڈیوں سے پتا چلا ہے کہ یہاں کے لوگ ہرن، بھیڑیوں اور لومڑیوں کا بھی شکار کرتے تھے۔ اس شہر میں ایک ایسی عمارت بھی ملی ہے جو عبادت کے کام آتی تھی۔ شہر کے طرز تعمیر سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اپنے دور میں ایک جدید شہر تھا۔ کھدائی سے پتا چلتا ہے کہ اس شہر کے لوگ مردوں کے ساتھ مختلف اشیا بھی دفناتے تھے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا مرنے کے بعد کی زندگی پر یقین تھا۔
اگرچہ کھدائی کا یہ پراجیکٹ مکمل نہیں ہوا لیکن اس پر کام کرنے والی ٹیم کا خیال ہے کہ کھدائی کے دوران ہی اس حوالے سے بہت سے ریسرچ پیپر شائع کیے جائیں گے۔ دوسرے لفظوں میں آپ جلد ہی 9000 سال پہلے کی اشیاء کے بارے میں تفصیلات پڑھ سکیں گے۔

ماہرین آثار قدیمہ نے  یروشلم کے قریب  9000 سال قدیم شہر دریافت کر لیا

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu