برطانوی شخص کی گمشدہ نقلی بتیسی 8 دن بعد گلے میں پھنسی ہوئی مل گئی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 15 اگست 2019 23:48

برطانوی شخص کی گمشدہ نقلی بتیسی  8 دن بعد گلے میں پھنسی ہوئی مل گئی

پیٹ کے ایک چھوٹے سے آپریشن کے بعد 72 سالہ برطانوی شخص کو  معلوم ہی نہ ہوسکا کہ  اُن کےگلے میں درد کیوں ہورہا ہے ، وہ خون کیوں تھوک رہے ہیں  یا وہ ٹھوس غذا کیوں نہیں کھا سکتے ۔8 دن کے بعد یہ معمہ بھی حل ہوگیا۔
ڈاکٹروں نے اس شخص کےگلے کا معائنہ کیا تو  انہیں کچھ بھی غیر معمولی نہیں لگا۔ ان کے سینے کا ایکسرے کرایا گیا  اور اُن کے خون کے ٹسٹ کرائے گئے تو ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ انہیں ہلکی سی انفیکشن ہے ، اس کے بعد اس بوڑھے شخص کو گھر بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)


جب اس بوڑھے شخص کی حالت مزید خراب ہوئی تو انہیں ایک بار پھر ایمرجنسی  روم میں لایا گیا۔ اس بار ڈاکٹروں کو پتا چل ہی گیا کہ اُن کے درد کی اصل وجہ کیا ہے۔یہ اُن کی نقلی بتیسی تھی جو 8 دن پہلے آپریشن کے دوران گم ہو گئی  تھی۔ یہ نقلی بتیسی گلے میں پھنسی ہوئی تھی۔
بی ایم جے کیس رپورٹس نامی جریدے میں شائع ہونے والے اس کیس میں مریض یا ہسپتال کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔اس کیس کے سامنے آنے کے بعد دوران آپرپشن نقلی بتیسی کو منہ میں ہی چھوڑنے کے خطرات  کی طرف توجہ مبذول ہوئی ہے۔
اس بوڑھے شخص کے گلے سے نقلی بتیسی نکالنے کے باوجود  انہیں کئی ہفتے تک ہسپتال میں رہنا پڑا۔

Browse Latest Weird News in Urdu