اٹیمی حملے میں تابکاری سے بچاﺅ کا انوکھا طریقہ بھارتی سیاستدان نے ایجاد کرلیا

گائے کے گوبر اور پیشاب کے ذریعے اٹیمی تابکاری کے اثرات سے بچا جاسکتا ہے. شنکرلال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 13 ستمبر 2019 23:04

اٹیمی حملے میں تابکاری سے بچاﺅ کا انوکھا طریقہ بھارتی سیاستدان نے ایجاد کرلیا
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 ستمبر۔2019ء) بھارتی سیاستدان اور آر ایس ایس کے راہنما اور گاﺅ رکشا تنظیم کے سربراہ شنکرلال نے” انکشاف“کیا ہے کہ اٹیمی حملے کی صورت میں گائے کے گوبر اور پیشاب کے ذریعے بچا جاسکتا ہے. ایک ٹی وی پروگرام کے دوران شنکر لال نے کہا کہ جب وہ سول ڈیفنس افسر کے تحت تربیت حاصل کررہے تھے تو بتایا گیا تھا کہ کھائی کھود کر لکڑیاں اور پتوں کو رکھنے کے بعد گائے کے گوبر کی ڈیڑھ فٹ تک کی تہہ لگادیں تو بھارت جوہری تابکاری سے بچ جائے گا.

(جاری ہے)

بھارتی راہنمانے یہ انکشاف بھی کیا کہ امریکی خلائی ادارے ناسا نے تصدیق کردی ہے کہ جوہری توانائی کی ریڈی ایشن سے گائے کا گوبر بچاتا ہے یعنی بس گوبر جسم پر مل لینا بھی اس تابکاری سے بچانے کے لیے کافی ہے تاہم وہ یہ بتانے میں ناکام رہے کہ ناسا نے کب اور کہاں اس ”عظیم تحقیق“کی تصدیق کی ہے. شنکرلال کے بیان پر آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر پرمزاح ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا اور سائنسی طور پر ثابت ہوگیا کیونکہ ناسا ثابت شدہ اتھارٹی ہے.انہوں نے مزید لکھا کہ یہ مذہب کی توہین نہیں، وہ قابل احترام ہے‘ویسے یہ پہلا موقع نہیں جب شنکر لال نے کچھ اس طرح کا دعویٰ کیا ہو 2016 میں بھی یہ بیان سامنے آیا تھا کہ بھارتی گائے نقصان دہ تابکاری کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے.

ایک رپورٹ کے مطابق شنکر لال کا کہنا تھا گائے کا گوبر اور پیشاب مجھے 76 سال کی عمر میں بھی صحت مند رکھتا ہے، ہم حاملہ خواتین کو گائے کا بوگر اور پیشاب استعمال کراکے نارمل ڈیلیوری کو یقینی بناسکتے ہیں، ہم تمام جان لیوا بیماریوں کا علاج گوبر سے کرسکتے ہیں، مگر یہ دیسی گائے کا ہونا چاہیے مغربی نسل کا نہیں. شنکر لال کا تو بھی دعویٰ تھا کہ گائے کے گوبر کو موبائل فون کے پیچھے لگا کر وہ نقصان دہ تابکاری سے محفوظ رہ سکتے ہیں اگر گائے کا گوبر کینسر کا علاج کرسکتا ہے تو ہمیں فون کی مائیکرو ویو سے کیوں نہیں بچاسکتا.

Browse Latest Weird News in Urdu