4سالوں سے ایک ہی جگہ کھڑے ہو کر مالک کا انتظار کرنے والے وفادار کتے کو ایک نہیں دو مالک مل گئے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 16 ستمبر 2019 23:54

4سالوں سے ایک ہی جگہ کھڑے ہو کر مالک کا انتظار کرنے والے وفادار کتے کو ایک نہیں دو  مالک  مل  گئے
وفادار پالتو جانوروں کے حوالے سے بہت سی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ لیکن جو کہانی ہم آپ کو بتا رہے ہیں، اس کا انجام  بہت خوشگوار ہے۔
تھائی لینڈ میں ایک گم شدہ کتا ایک ہی جگہ کھڑا اپنے مالک کا انتظار کرتا رہا۔ سوشل میڈیا کی مہربانی سے یہ کتا اپنے مالک سے مل گیا ہے۔
لیو نامی ایک آوارہ کتا پچھلے 4 سالوں سے تھائی شہر کھون کائن کے انٹرسیکشن پر کھڑا رہتا تھا۔

پچھلے ماہ ایک فیس بک صارف نے لیو کی تصویر فیس بک پر اپ لوڈ کی اور بتایا کہ یہ کتا ہر روز اسی جگہ بیٹھا رہتا ہے، جیسے یہ کسی کا انتظار کر رہا ہو۔صارفین نے پہلے سمجھا کہ  کسی نے اس کتے کو ترک کر دیا ہے لیکن  یہ کتا دیکھنے میں کافی صحت مند لگتا تھا جبکہ  ترک کیے ہوئے کتوں کی صحت کافی کمزور ہو جاتی ہے۔بعد میں معلوم ہوا کہ ایک  خاتون ہر روز اس کتے کے لیے خوراک اور  پانی لے کر آتی ہیں، جس کی وجہ سے اس کی صحت کافی اچھی ہے۔

(جاری ہے)

ایک دن ایک فوٹوگرافر کو وہ خاتون مل ہی گئیں۔ خاتون نے  پوچھنے پر بتایا کہ انہوں نے  کئی سال پہلے جب پہلی بار اس کتے کو دیکھا تو یہ ہڈیوں کا ڈھانچہ بنا ہوا تھا۔45 سالہ خاتون ساؤوالاک نے بتایا کہ اس وقت بھی لیو اسی جگہ بیٹھا تھا۔ساؤوالاک  اسے گھر لے آئیں، اسے  خوراک اور توجہ دی تو یہ پھر سے صحت مند ہوگیا۔ ایک دن وہ گھر آئی تو لیو گھر سے جا چکا تھا۔

ا سے تلاش کیا گیا تو یہ اپنی پرانی جگہ پر موجود تھا۔اس سے ساؤوالاک  کو اندازہ ہوا کہ لیو وہاں بیٹھا کسی کا انتظار کر رہا ہے۔اس کے بعد سے ساؤوالاک  لیو کے لیے پانی  اور خوراک لے جاتی ہیں۔
لیو کی کہانی جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ صرف فیس بک پر ہی اس کی تصاویر سینکڑوں بار شیئر کی گئی۔جلد  ہی یہ تصاویر لیو کے اصل مالک  تک پہنچ گئی۔


64 سالہ نانگ نوئی سیتیسام کا تعلق تھائی لینڈ کے  روئی ات  صوبے سے ہے۔نانگ  نوئی کی بیٹی نے جب انہیں اُن کے پالتو کتے  بون بون کی تصویر دکھائی تو   انہیں دل کا دورہ پڑتے پڑتے بچا۔16 فروری 2015 کو نانگ نوئی اور اُن کے شوہر  کھون کائن شہر میں اپنی بیٹی سے ملنے گئے تھے۔ واپس  پر ایک اشارے پر   رکنے کے دوران  بون بون  گاڑی میں سے چھلانگ لگا کر نکل گیا  اور اس کی مالکن کو پتا بھی نہ چلا۔

جب وہ آگے گیس اسٹیشن پر رکے تو انہیں معلوم  ہوا کہ بون بون جا چکا ہے۔خاتون اوران کا شوہر واپس بھی گئے لیکن انہیں بون بون کہیں نظر نہیں آیا۔ 6 ستمبر کو جب انہوں نے لیو کی تصویریں دیکھی تو فوراً ہی پہچان لیا کہ یہ بون بون ہے۔جب انہیں معلوم ہوا کہ بون بون سالوں سے اُن کا انتظار کر رہا ہے تو ان کا دل بھی پگھل گیا۔
نانگ نوئی اوراُن کی بیٹی گاڑی میں بون بون کے پاس پہنچے  تو کتا  اپنی سابقہ مالکن کو دیکھ کر دم ہلانے لگا لیکن وہ ان کے ساتھ جانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہا تھا۔

  نانگ نوئی کو اندازہ ہوگیا کہ  بون بون اپنی نئی مالکن جس  نے اس کا بیماری میں خیال رکھا تھا کے ساتھ  مانوس ہوگیا ہے۔ نانگ نوئی نے اسے ساتھ لے  جانے کے لیے زبردستی نہیں بلکہ  انہوں نے اسےساؤولاک کے ساتھ رہنے دیا۔ اب دونوں ماں بیٹی وقتاً فوقتاً اسے دیکھنے کے لیے جاتی رہتی ہیں۔
لیو / بون بون کی کہانی نے لاکھوں سوشل میڈیا صارفین کے دل پگھلا دئیے  اور یہ کہانی ساری دنیا میں وائرل ہو چکی ہے۔
4سالوں سے ایک ہی جگہ کھڑے ہو کر مالک کا انتظار کرنے والے وفادار کتے کو ..

Browse Latest Weird News in Urdu