ماحول دوست جوڑا اپنی شادی پر حادثوں میں مرنے والے جانوروں کو پکانے کے لیے باورچی کی تلاش میں ہے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:51

ماحول دوست جوڑا اپنی شادی پر حادثوں میں  مرنے والے جانوروں کو پکانے کے لیے باورچی  کی تلاش میں ہے

پچھلے گرما میں برطانوی میڈیا میں   ملازمت کا  ایک دلچسپ اشتہار شائع ہوا۔  یہ اشتہار ایسے باورچی کی تلاش میں ہے جو اُن کی شادی پر سڑکوں پر  حادثوں میں مرنے والے جانوروں کو پکا سکے۔ ایسے باورچی کو اس کام کے 5 ہزار پاؤنڈ دئیے جائیں گے۔  یہ اشتہار  برطانیہ کی لوکل مارکیٹنگ  ویب سائٹ بارک ڈاٹ کام پر شائع ہوا تھا۔ اس غیر معمولی اشتہار میں  بتایا کہ اس جوڑے نے سڑکوں پر مرنے والے 20 کلو جانور حاصل کر لیے ہیں، اب یہ ایسے باورچی کی خدمات  چاہتے ہیں  جو ان جانوروں کی کھال اتار سکے اور گوشت کو اس طرح کاٹ سکے کہ کسی کو ان جانوروں کے سڑکوں پر مرنے کا علم نہ ہو سکے۔

اس جوڑے نے جو جانور حاصل کیے ہیں، ان میں  گلہری،  تیتر( دُرَّاج) ، خرگوش،  چکور اور ہرن شامل ہیں۔
اس جوڑے کا کہنا ہے کہ  یہ کام  ایسا نہیں جو ایک اوسط درجے کا باورچی کر سکے تاہم انہیں امید ہے کہ کوئی ماحول دوست باورچی ضرور ان کی مدد کرے گا۔

(جاری ہے)

اس جوڑے نے اشتہار میں لکھا کہ انہوں نے شادی میں شرکت کرنے والے 30 مہمانوں کے  لیے سڑکوں پر مرنے والے 20 کلوگرام جانور فریزر میں جمع کر لیے ہیں۔

اپنے اشتہار میں اس جوڑے نے بتایا کہ وہ پچھلے تین سالوں  سے  سڑکوں پر مرنے والے جانوروں کا گوشت کھا رہے ہیں تاکہ  خوراک کا ضیاع نہ ہو اور وہ نہیں چاہتے کہ اُن کے اصول  شادی کے دوران بدل جائیں۔
بارک ڈاٹ کام کے شریک بانی  کائی فیلر کا کہنا ہے کہ  ملازمت کا یہ اشتہار غیرروایتی تھا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے  اس کام کے لیے مکمل پیشہ ور شخص کا انتظام کردیاہے، جس پر انہیں فخر ہے۔
اگرچہ برطانیہ میں سڑکوں پر حادثات میں مارے جانے والے جانور کھانا بالکل قانونی ہے لیکن شادی کی تقریب میں مہمانوں کی لاعلمی میں انہیں  حادثوں میں مرنے والے جانور کھلانا اخلاقی سوال ضرور کھڑے کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu