1 لاکھ ڈالر اانعام جیتنے کے لیے اس خاتون نے 8 ماہ سے سمارٹ فون کو چھوا تک نہیں

Ameen Akbar امین اکبر پیر 14 اکتوبر 2019 23:25

1 لاکھ ڈالر اانعام جیتنے کے لیے اس خاتون نے 8 ماہ سے سمارٹ فون کو چھوا تک نہیں

کچھ عرصہ پہلے  وٹامن واٹر نامی ایک  کمپنی نے  ایک انوکھے چیلنج کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق  ایک سال تک سمارٹ فون استعمال نہ کرنے والے شخص کو 1 لاکھ ڈالر انعام دیا جانا تھا۔ کمپنی نے نیو یارک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو اس چیلنج کے لیے منتخب کیا تھا۔ اس خاتون کو اس چیلنج کو پورا کرتے ہوئے 8 ماہ ہو چکے ہیں۔ چار ماہ بعد یہ خاتون 1 لاکھ ڈالر انعام کی حقدار ہونگی۔

وٹامن واٹر نے  پچھلے دسمبر میں یہ انوکھا چیلنج پیش کر کے  اخباروں کی سرخیوں میں جگہ بنائی تھی۔ اس چیلنج کو پورا کرنے کے لیے  ہزاروں لوگوں نے درخواستیں دیں۔ تاہم کمپنی نے اس چیلنج میں حصہ لینے کے لیے 29 سالہ الانا موگڈان کا انتخاب کیا۔ الانا نے بتایا کہ سمارٹ فون کے بغیر زندگی گزارنا اُن کے  لیے آنکھیں کھول دینے والا تجربہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اب انہیں اندازہ ہوا ہے کہ وہ سمارٹ فون کی کس قدر عادی تھیں اور اس پر کتنا انحصار کرتی تھیں۔الانا کا کہنا ہے کہ انہیں اکثر اپنا سمارٹ فون یاد آتا ہے تاہم اُن کا ارادہ ہے کہ اس چیلنج کے پورا ہونے کے بعد بھی وہ سمارٹ فون کے بغیر ہی زندگی گزاریں گی۔

الانا نے بتایا کہ سمارٹ فون کے بغیر اُنہیں کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ ایک بار انہوں نے ایک  پرچی پر ایک فون نمبر لکھا ہوا تھا، جو غلط تھا، اسی وجہ سے وہ سی ٹیک ائیرپورٹ پر پھنس گئی۔

نہ وہ اوبر  کو بلا کو سکتی تھیں اور نہ ہی کسی کو مدد کے لیے کہہ سکتی تھیں۔ایک بار وہ رات کو ڈرائیونگ کرتے ہوئے راستہ بھٹک گئیں لیکن  اپنے فون کا جی پی ایس فیچر استعمال نہ کر سکیں تاکہ اپنی لوکیشن کا پتا چلا سکیں۔اُن کی کار خراب ہوئی تو وہ گوگل کی مدد سے قریبی مکینک کی ورکشاپ بھی تلاش نہ کر سکیں۔اُن کا کہنا ہے کہ سمارٹ فون کے بغیر زندگی گزارنا اُن کی زندگی کا بہترین  ایڈونچر ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu