چور غلطی سے سانپوں سے بھرا بیگ چرا لے گئے

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 20 اکتوبر 2019 23:58

چور غلطی سے سانپوں سے بھرا بیگ چرا لے گئے

سان ہوزے، کیلیفورنیا میں چور ایک شخص کا بیگ چرا کر  بھاگ گئے لیکن چوروں کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا کہ جو بیگ وہ چرا کر لے جا رہے ہیں،اس میں سے سانپ نکل آئیں گے۔

برائن گونڈے، گڈنیس سنیکس کے نام سے تعلیمی مقاصد کے لیے سانپوں کا کاروبار کرتے ہیں۔ واردات کے دن انہوں نے ایک لائبریری میں پریزینٹیشن دی تھی۔ پریزینٹیشن کے بعد انہوں نے سانپوں کے موٹے اونی کپڑے کے بیگ کو پارکنگ میں اپنی گاڑی سے تقریباً 150 فٹ دور رکھا تھا۔

تقریباً ڈیڑھ منٹ کے بعد جب وہ واپس اپنا بیگ لینے آئے تو وہ اپنی جگہ پر نہیں تھا۔ برائن نے لوگوں کے ایک گروپ کو وہاں سے جاتے ہوئے دیکھا لیکن وہ انہیں پکڑ نہیں سکے۔ اس بیگ میں 4 پائیتھون اور ایک 5000 ڈالر مالیت کی چھپکلی تھی۔

برائن نے کے ٹی وی یو سے بات کرتے ہوئے کہا ”جب چور بیگ کو کھولیں گے اور دیکھیں گے اس میں کیا تو کیا آپ اُن کےجذبات اور ردعمل کا تصور کر سکتے ہیں؟“

برائن نے بتایا کہ بیگ میں موجود سانپ زہریلے نہیں تھے اور نہ ان سے کسی کو خطرہ تھا۔

(جاری ہے)

برائن نے آن لائن اس چوری کی رپورٹ کر دی ہے۔

برائن نے بتایا کہ بیگ میں پائپر، باب اور وائٹی کا تعلق بال پائیتھون نسل سا تھا جبکہ شارٹی برمی پائیتھون تھا۔ بیگ میں سٹریچ نامی ایک 12 سالہ چھپکلی  بھی تھی۔ برائن نے یوٹیوب کے ذریعے لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چوروں پر مقدمہ کرنا نہیں چاہتے ۔ وہ تو بس اپنے جانور واپس چاہتے ہیں۔ برائن نے کہا کہ انہوں نے ان جانوروں کو پالا ہے، یہ اُن کے بچوں کی طرح ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu