وین میں امریکی عورت کے ساتھ رہنے والے 300 چوہوں کو اب گھر مل گیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 21 اکتوبر 2019 17:57

وین میں امریکی عورت کے ساتھ رہنے والے 300 چوہوں کو اب گھر مل گیا
کارلا نامی ایک امریکی خاتون نے اپنی وین میں جیکب اور راشیل نامی چوہوں کا ایک جوڑا پالا۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ چوہے ان کی زندگی اجیرن کر دیں گے۔ چوہوں کی افزائش نسل کی وجہ سے کارلا کی وین میں ان کی تعداد تیزی سے بڑھی۔ ان چوہوں نے وین کی تاریں کاٹ دیں۔چوہوں کے پیشاب کی بدبو کی وجہ سے وین میں بیٹھنا مشکل ہو گیا تھا۔ علاقے کے لوگوں نے اُن کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔

ان چوہوں کی وجہ سے کارلا کی ملازمت بھی خطرے میں پڑ گئی تھی۔ انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ان چوہوں سے کیسے جان چھڑائے۔ سان ڈیاگو کے سرکل کے ایریا کے باہر کھڑی وین کی تصویریں کمیونٹی ویب سائٹ نیکسٹ ڈور پر شیئر ہوئی تو علاقے کے لوگوں کو کارلا کی مشکل کے بارے میں معلوم ہوا۔ جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی رضاکار کمبرلی جیکسن کا کہنا ہے کہ یہ کافی پریشان کن ہے۔

(جاری ہے)

کمبرلی نے اس ماہ کے شروع میں کارلا کی وین کو ڈھونڈ لیا۔ کارلا سمجھی کہ دوسروں کی طرح کمبرلی بھی اُن کا مذاق اڑانے آئی ہے تاہم کمبرلی نے اُن سے پوچھا کہ وہ اُن کی کیسے مدد کر سکتی ہیں؟ کمبرلی کی وجہ سے پچھلے ہفتے سان ڈیاگو ہیومین سوسائٹی کے رضا کاروں نے کارلا سے 320 چوہوں کو لے لیا ۔ انہیں اب چوہے پالنے کے خواہش مند افراد کو5 ڈالر میں فروخت کیا جائے گا۔

اس وقت تک 10 چوہے لوگوں کو دئیے جا چکے ہیں جبکہ باقی چوہے اپنائے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔چوہوں نے کارلا کی وین کو بھی بہت نقصان پہنچایا تھا۔ اس نقصان کو پورا کرنے کے لیے ایک رضاکار نے گو فنڈ می پر کارلا کے لیے ایک مہم شروع کی۔ اس مہم سے کارلا کے لیے 5 ہزار ڈالر جمع ہوئے۔لوگوں کی طرف سے اتنی زیادہ مدد ملنے پر کارلا کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ گوفنڈ می کی طرف سے ملنے والی رقم سے کارلا گاڑی کی مرمت کرانے کے ساتھ ساتھ اپنے 7 ہزار ڈالر کے قرضہ جات میں سے کچھ کی ادائیگی بھی کریں گی۔ وہ ایک چھ ماہ کا کورس بھی کریں گی جس سے انہیں بہت زیادہ جانور رکھنے والوں کی مشکلات کے بارے میں معلوم ہوگا۔

Browse Latest Weird News in Urdu