دنیا کی سب سے ہلکی صرف 1 گرام وزنی مٹھائی میں 96 فیصد ہوا ہے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 6 نومبر 2019 15:46

دنیا کی سب سے ہلکی صرف   1 گرام وزنی مٹھائی  میں 96 فیصد ہوا ہے
لندن کے ڈیزائن سٹوڈیو بومپاس اینڈ پار کے ہنرمندوں نے ہمبرگ، جرمنی کی ایروجیلیکس لیبارٹری کے سائنسدان کے ساتھ مل کر کھانے کے قابل دنیا کا سب سے ہلکا ٹھوس میٹھا مادہ بنایا ہے۔ ایروجیل (Aerogel) کو 1931ء میں امریکی کیمیاء دان سیموئل کسلر نے اپنے ساتھی سائنسدان چارلس کے ساتھ شرط لگانے پر ایجاد کیا۔ انہوں نے جیل میں موجود پانی کو ہوا سے بدل دیا تھا، جس سے جیل سکڑی بھی نہیں تھی۔

ایروجیل کو دنیا کا ہلکا ترین مادہ کہا جاتا ہے۔ اس میں 95 فیصد سے 99.8 فیصد تک ہوا ہوتی ہے۔ ایرو جیل بنانے کے عمل کی نقل کرتے ہوئے بومپاس اینڈ پار کے ساتھ سائنسدانوں نے دنیا کی سب سے ہلکی مٹھائی تخلیق کی ہے۔ ایروجیل کو کئی اقسام کے مادوں سے بنایا جا سکتا ہے لیکن اس پراجیکٹ میں بومپاس اینڈ پار نے البمینوئیڈز(albuminoids) کا استعمال کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ انڈے کی سفیدی میں موجود گلوبی پروٹین ہوتے ہیں۔ ان سے انڈے کی سفیدی کا کیک تیار کیا جاتا ہے۔ بومپاس اینڈ پار کے ہنرمندوں نے اسی سے دنیا کی سب سے ہلکی مٹھائی تیار کی ہے۔ انہوں نے ایروجیل بنانے کے عمل کی نقل کرتے ہوئے اسے بنایا ہے۔ اس مٹھائی کو10 سے 26 اکتوبر 2019 کو کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر، ظہران، سعودی عرب میں ہونے والے کریٹیویٹی سیزن کے دوران پیش کیا گیا۔ اس مٹھائی کی تیاری کی معلوماتی ویڈیو آپ بھی دیکھیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu