ایک فون خریدنے پر ایک کلو پیاز بالکل مفت

Ameen Akbar امین اکبر پیر 9 دسمبر 2019 23:29

ایک  فون خریدنے پر ایک کلو پیاز بالکل مفت

بھارت میں پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں  نے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔اسی حوالے سے تامل ناڈو  میں ایک موبائل شاپ نے سمارٹ فون خریدنے والوں  کے لیے ایک نئی اور انوکھی پیش کش متعارف کرائی ہے۔ پٹکوٹئی میں میں واقع ایک موبائل  سیلز اینڈ سروس سنٹر ، ایس آر ٹی موبائلز نے  ایک  فون خریدنے پر ایک کلو پیاز مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔


تامل ناڈو  میں پچھلے کچھ دنوں میں پیاز کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ پچھلے ہفتے میں یہ قیمت 180 روپے(تقریبا 400 پاکستانی روپے) تک پہنچ گئی تھی۔
ایس ٹی آر موبائلز کے مالک ساراونا کمار کا خیال تھا کہ فون کے ساتھ پیاز دینے سے اُن کی دوکان کی مقبولیت میں کافی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ غیر معمولی سکیم پچھلے ماہ متعارف کرائی  گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس سے اُن کی فروخت میں  اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے  بتایا کہ وہ یومیہ تین سے چار سمارٹ فونز فروخت کرتے تھے لیکن اس سکیم کے متعارف کرانے کے بعد وہ یومیہ دس سے زیادہ سمارٹ فونز فروخت کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ  گاہک سمارٹ فونز کے ساتھ اپنی مرضی سے چھوٹی یا بڑی پیاز خرید سکتے ہیں۔
تاجروں نے حالیہ دنوں میں ہونے والی بارشوں کو پیاز کی قیمت میں اضافے کی وجہ بتایا ہے۔

پیاز کی قیمت بڑھنے سے  سوشل میڈیا پر میمے اور مزاحیہ تبصروں کا بھی طوفان بپا ہوگیا ہے۔پچھلے ہفتے تامل ناڈو میں ہونے والی ایک شادی کے دوران نئے شادی شدہ جوڑے کو تحفے میں پیاز کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا تھا۔
تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ  ای پالنیسوامی کا کہنا ہے کہ اگلے دو ہفتوں میں پیاز کی قیمت عام سطح تک آ جائیں گی۔

Browse Latest Weird News in Urdu