جیل میں مخالف گروپوں کےدرمیان ہونے والے فٹ بال میچ کے نتیجے میں 16افراد ہلاک

Ameen Akbar امین اکبر پیر 6 جنوری 2020 23:51

جیل میں مخالف  گروپوں کےدرمیان ہونے والے فٹ بال میچ کے نتیجے میں 16افراد ہلاک
نئے سال کی شام کو  میکسیکو کی ایک جیل میں دو مخالف کارٹلز کی ٹیموں کے بیچ ایک دوستانہ فٹ بال میچ ہوا۔یہ دوستانہ میچ جلد ہی خونی لڑائی میں بدل گیا۔
میکسیکو کے صوبے  زاکاٹیکاس میں واقع  سیاینیگولا جیل میں   کئی دہائیوں سے صرف خطرناک قیدیوں کو ہی رکھا جاتا ہے۔ان قیدیوں کا تعلق عموماً  میکسیکو کے بڑے 6 ڈرگ کارٹلز سے ہوتا ہے۔ مختلف کارٹلز کے بیچ تناؤ کم کرنے کے لیے  جیل کی انتظامیہ نے جیل میں ایک دوستانہ  فٹ بال میچ کرانے کا فیصلہ کیا۔

یہ میچ لاس زیٹاس اور گلف کارٹل کی ترجمانی کرنے والی ٹیموں کے بیچ طے پایا تھا۔تاہم  میچ شروع ہونے کے بعد یہ دوستانہ نہیں رہا اور اس میں گولیاں چل گئیں۔
میچ سے پہلے جیل انتظامیہ نے قیدیوں کو اپنے گھر والوں سے ملنے کی اجازت دی تھی۔

(جاری ہے)

شام کو سب جیل کے صحن میں جمع ہوئے۔ مقامی اخبارات کے مطابق سب کچھ ٹھیک تھا کہ  میچ کے بیچ ہی کسی بات پر تنازعہ شروع ہوا اور ایک ٹیم  کے حمایتی قیدیوں نے مخالفین پر گولیاں چلا دیں۔

کوئی نہیں جانتا کہ جیل میں ہتھیار کس طرح پہنچے۔بظاہر ایسا لگتا ہے کہ جیل میں کچھ قیدیوں کے پاس لمبی نال والے ہتھیار بھی تھے۔
جیل کے عملے اور نیشل گارڈ فورس کو جھگڑے پر قابو پانے میں تین گھنٹے لگے۔ اس دوران 16 قیدی اپنی جان سے گئے اور 5 شدید زخمی ہوئے۔ جھگڑے کے بعد تلاشی کے دوران جیل سے 4 ہتھیار، بہت سے چاقو، ہتھورے اور موبائل فون ملے۔
فٹ بال میچ کے خونی جھگڑے کے  دو دن بعد جیل میں گلف کارٹل کے ایک رکن کو اس کے ساتھی نے ہی مبینہ  غداری کا الزام لگا کر قتل کر دیا۔
اس جیل میں حکام کو نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے شدید جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ اس جیل میں قید 1000 قیدیوں میں سے اکثر کا تعلق  حریف گروہوں سے ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu