یہ درزی صرف کپڑے ٹرائی کرنے پر 15 یورو وصول کرتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر منگل 21 جنوری 2020 23:48

یہ درزی صرف کپڑے ٹرائی کرنے پر 15 یورو وصول کرتے ہیں

سپین کے شہر بلباؤ میں اندرون شہر کے علاقے میں چار دہائیوں سے درزی کا کام کرنے والے کامینو ازولا پاسکوال اور ان کے بھائی  اپنی دکان چلا رہے ہیں۔ وہ دونوں اتنے زیادہ تجربہ کار ہوچکے ہیں کہ کسی بھی شخص کو صرف دیکھتےہی بغیر ناپ لیے اس کا سوٹ بنا سکتے ہیں۔  انہیں اپنی دکان پر آنے والے تمام لوگوں کا ناپ تو یاد ہی ہے لیکن وہ نئے آنے والے لوگوں کو بھی  صرف دیکھ کر اُن کے  ناپ کا سوٹ بنا سکتے ہیں۔


پاسکوال بلباؤ ٹیلرنگ شاپ میں آرڈر پر  مردانہ لباس تیار کرنے کے علاوہ ریڈی میڈ  سوٹ بھی ہوتے ہیں۔ پاسکوال بلباؤ ٹیلرنگ شاپ پر بہت سے لوگ صرف مشورہ لینے آتے ہیں۔  کامینو ازولا پاسکوال اور ان کے بھائی  ہر شخص کی شخصیت کے مطابق بہترین لباس کا مشورہ دیتے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ بعض دفعہ مشورہ لینے کے لیے آنے والے اُن کے پاس دو گھنٹے تک بھی موجود رہتے ہیں اورکئی طرح کے لباس ٹرائی کر کے ویسا لباس دوسری  دکانوں سے خریدتے ہیں۔

(جاری ہے)

کامینو ازولا پاسکوال  نے بتایا کہ اس مشق سے بچنے کے لیے انہوں نے دکان میں کپڑے ٹرائی کرنے والوں سے 15 ڈالر فیس لینا شروع کر دی ہے۔ کامینو ازولا پاسکوال کا کہنا ہے کہ جو لوگ اُن کی دکان سے خریداری کرتے ہیں، وہ اُن سے ٹرائی کی فیس نہیں لیتے  بلکہ یہ صرف  اُن کا ٹائم ضائع کرنے والے لوگوں سے وصول کی جاتی ہے۔
اس دکان پر فروخت ہونے والے کپڑوں کی قیمت 800 سے 1500 یورو  یعنی 1 لاکھ 36 ہزار سے 2 لاکھ 56 ہزار روپے تک  ہوتی ہے۔

اس لیے دونوں کو  امید ہے کہ  اُن کے پاس آنے والے سنجیدہ گاہکوں کے لیے ٹرائی کی فیس  زیادہ نہیں ہے۔
سپین کے سوشل میڈیا پر اس خبر کے وائرل ہونے کے بعد صارفین اس پر  طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ صارفین کامینو ازولا پاسکوال اور اُنکے بھائی کو ٹرائی فیس  لاگو کرنے  پر حق بجانب سمجھ  رہے ہیں تو کچھ لوگ صرف ٹرائی کے لیے فیس لینے کو لوگوں سے زیادتی قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu