دلہا کو شادی سے بچنے کے لیے اغوا کا ڈراما کرنا بہت مہنگا پڑ گیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 22 جنوری 2020 23:52

دلہا کو شادی سے  بچنے کے لیے  اغوا کا ڈراما کرنا بہت مہنگا پڑ گیا

جب شادی سے انکار کرنے کامعاملہ ہو تو بہت سے ایسے طریقے  ہیں، جن سے مناسب انداز میں شادی سے انکار کیا جا سکتا ہے۔ تاہم کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے شادی سے انکار کرنے کے لیے خود کے اغوا کا ڈراما رچایا، جو  انہیں کافی مہنگا پڑنے والا ہے۔
کولمبیا کے ٹاؤن پیتالیتو  سے تعلق رکھنے والے ایک 55سالہ شخص، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، نے  اپنے گھر والوں اور دوستوں کے سامنے ہی شہر میں ہی رہنے والی  اپنی منگیتر سے شادی کی تاریخ طے کی۔

جیسے جیسے شادی کا دن قریب آتا گیا،  اُن کی بے چینی میں اضافہ ہوتا گیا، انہوں نے چند قریبی دوستوں کے سامنے اعتراف کیا کہ  وہ منگنی توڑ کر اس  شادی کو ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ ایسا کیسے کریں۔ایسے میں اُن کے ”اچھے“ دوستوں نے انہیں مشورہ دیا کہ  بغیر کسی بدنامی سے شادی سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے اپنے اغوا کا ڈراما کرنا۔

(جاری ہے)

اپنے اغوا کے ڈرامے کی منصوبہ بندی کے دوران انہوں نے بس یہ نہیں سوچا تھا کہ  اس میں پولیس اور فوج بھی شامل ہو جائے گی۔
شادی سے کچھ دن پہلے  ہونے والے دلہا کے دوستوں نے ایمرجنسی سروسز پر رابطہ کیا اور بتایا کہ کچھ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اُن کے دوست کو اغوا کر لیا ہے۔کولمبیا میں تاوان کے لیے ایسے اغوا ہوتے رہتے ہیں اس لیے حکام نے اسے کافی سنجیدگی سے لیا۔

حکام  نے ضلع کی تمام پولیس فورس اور کولمبیا کی فوج کو بھی الرٹ کر دیا۔
پیتالیتو کے پولیس کمشنر نیسٹر ورگاس نے حکم  دیا کہ اغواکاروں کے شہر سے فرار ہونے کی کوشش کو روکنے کے لیے شہر کے تمام خارجی راستوں کو بند کر دیا جائے۔اس کے بعد پولیس نے اپنے آپریشن کا دائرہ کار شہر کی گلیوں تک پھیلا دیا۔کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اغوا کی یہ رپورٹ جھوٹی ہو سکتی ہے، اس لیے حکام اپنی پوری کوشش کرکے اغواکاروں کو پکڑنا چاہتے تھے۔

پولیس اور فوج کی  اتنی زیادہ حرکت دیکھ کر دلہا کے دوست بھی پریشان ہو گئے۔ انہوں نے  سامنے آ کر پولیس کو بتادیا کہ انہوں نے جو رپورٹ کی تھی، وہ جھوٹی تھی اور وہ تو  شادی سے انکار کرنے  میں اپنے دوست کی مدد کررہے تھے۔
حکام نے دلہا کو مقامی لوگوں کے غیض و غضب سے بچانے کے لیے اُن کی شناخت کو تو خفیہ رکھا ہے لیکن انہوں نے دلہا اور اُن کےمددگار ساتھیوں کے خلاف مقدمہ ضرور درج کر لیا ہے۔ اس جرم پر انہیں 6 سال تک کی جیل ہو سکتی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu