ایک دن کے کام کی تنخواہ93 ہزار یورو

جرمنی کے مشرق میں واقع وفاقی صوبے تھیورنگیا کے وزیر اعلی کو ایک دن کیلئے عہدے پر رہنے کے بدلے ایک لاکھ دو ہزار امریکی ڈالر کا معاوضہ ملا

ہفتہ 8 فروری 2020 09:55

ایک دن کے کام کی تنخواہ93 ہزار یورو
برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2020ء) جرمنی کے مشرق میں واقع وفاقی صوبے تھیورنگیا میں5 فروری کو ترقی پسندوں کی فری ڈیموکریٹک پارٹی کے صوبائی سربراہ ٹوماس کًیمیرِش کو نیا ریاستی وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔ ان کا انتخاب جرمنی کی داخلی سیاست میں ایک بحران کی وجہ بنا اور اس سیاسی زلزلے کے شدید جھٹکے ملکی دارالحکومت برلن تک محسوس کیے گئے تھے۔

ناقدین کا ایک فیصلہ کن اعتراض یہ تھا کہ ترقی پسندوں کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے کًیمیرِش نے وزیر اعلیٰ بننے، یعنی اپنے اقتدار میں آنے کے لیے ایک ایسی جماعت کی ارکان کی حمایت پر انحصار کیا، جس کی سیاست کے خلاف تقریباً تمام بڑی جرمن سیاسی جماعتیں جدوجہد کر رہی ہیں۔یہ بات اتنی پھیل گئی تھی اور کًیمیرِش کے تھیورنگیا کے سربراہ حکومت کے طور پر اس طرح انتخاب کی اتنی شدید مذمت کی جا رہی تھی کہ بدھ پانچ فروری کو ہی چانسلر میرکل نے بھی یہ مطالبہ کر دیا تھا کہ اس الیکشن کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

(جاری ہے)

پھر نتیجہ یہ نکلا کہ تھیورنگیا کے نئے وزیر اعلیٰ بہت زیادہ سیاسی اور اخلاقی دباؤ کا سامنا نہ کر سکے اور اپنے انتخاب کے صرف ایک روز بعد جمعرات چھ فروری کی شام وہ اپنے عہدے سے مستعفی بھی ہو گئے۔ اس طرح ان کا انتخاب اور پھر استعفیٰ اس حوالے سے بھی جرمنی میں ایک تاریخی واقعہ ثابت ہوا کہ وہ صرف تقریباً 24 گھنٹے تک وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہے تھے۔معاوضہ ترانوے ہزار یورو ملے، جو ایک لاکھ دو ہزار امریکی ڈالر کے برابر بنتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu