آنکھوں کو سیاہ رنگ سے رنگنے والی خاتون کی بینائی مکمل طور پر ختم ہوگئی

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 1 مارچ 2020 22:30

آنکھوں کو سیاہ رنگ سے رنگنے والی خاتون کی بینائی مکمل طور پر ختم ہوگئی
پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک 25 سالہ خاتون نے اپنی  آنکھوں کو سیاہ رنگ سے رنگا تو انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ اس کی وجہ سے وہ ایک آنکھ سے نابینا ہو جائیں گی۔آنکھوں کو سیاہ رنگ سے رنگنے کے باعث اُن کی  دائیں  آنکھ کی بنیائی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے جبکہ بائیں آنکھ  سے دیکھنے میں بھی کئی پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں۔
الیکسانڈرا ساڈوسکا کی المناک کہانی چار سال پہلے شروع ہوئی۔

مغربی پولینڈ کے شہر وراتسواف سے تعلق رکھنے والی الیکسانڈرا  نے اپنی آنکھوں کے ڈیلوں کو سیاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے انٹرنیٹ پر تلاش کیا تو انہیں وارسا  سے تعلق رکھنے والا ایک ٹیٹو آرٹسٹ ملا جو اُن کی آنکھوں کو رنگنے پر رضامند ہوگیا۔یہ ٹیٹو آرٹسٹ پولینڈ میں کافی مقبول تھا لیکن انہیں بھی اندازہ نہیں تھا کہ آنکھوں کو رنگنے کا عمل کتنا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

آنکھیں رنگنے کے  فوراً  بعد الیکسانڈرا نے آنکھوں میں شدید درد کی شکایت کی لیکن ٹیٹو آرٹسٹ نے مبینہ طور پر انہیں کہا کہ  ایسا ہونا عام بات ہے اور انہیں درد کش ادویات استعمال کرنے کی تجویز دی۔بدقسمتی سے الیکسانڈرا کی حالت بدتر ہوتی رہی۔
2015ء میں پولینڈ کے ایک اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ٹیٹو آرٹسٹ نے مبینہ طور پر الیکسانڈرا کی دائیں آنکھ میں گہرائی تک سوئی  داخل کر دی تھی، جس کی وجہ سے اُن کی دائیں آنکھ جلد ہی مکمل طور پر خراب ہوگئی۔

اُن کی بائیں آنکھ  میں سوئی زیادہ گہرائی تک نہیں گئی ، اس لیے انہیں اس آنکھ سے کسی حد تک نظر آتا ہے۔
وہ بائیں آنکھ سے دیکھ تو سکتی ہے البتہ انہیں پہلے کی طرح واضح طور پر دکھائی نہیں دیتا۔ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ ایسا کوئی طریقہ نہیں جس سے اُن کی آنکھ کو مستقبل میں  ممکنہ طور پر پہنچنے والے نقصان کا پتا چلایا جا سکے۔حال ہی میں ایک برطانوی اخبار میں شائع ہونے والی  رپورٹ میں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ  اُن کی بائیں آنکھ بھی زیادہ بہتر نہیں، اُن کی بائیں  آنکھ میں رنگ سفیدہ چشم میں زیادہ اندر تک نہیں گیاتھا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسا کوئی طریقہ نہیں جس سے مستقبل میں آنکھ کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا پتا چلایا جا سکے۔
2015ء میں الیکسانڈرا نے اپنی دائیں آنکھ کی بینائی کو بچانے کے لیے کئی آپریشن  کرائے لیکن یہ ناکام ہوئے۔ڈاکٹروں  نے انہیں بائیں آنکھ کی بینائی کو بھی زیادہ  دیر تک چلنے کی امید نہیں دلائی۔
برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹیٹو آرٹسٹ نے جلد پر استعمال ہونے والی سیاہی آنکھوں میں داخل کی، جس کی وجہ سے  الیکسانڈرا کی بینائی چلی گئی۔

اخبار کے مطابق الیکسانڈرا نے یہ پروسیجر  پولینڈ کے ریپر پوپیک کی نقل میں کرایا تھا لیکن پولش میڈیا نے اس کی تردید کی ہے
الیکسانڈرا نے اپنی آنکھیں خراب کرنے پر ٹیٹو آرٹسٹ پر مقدمہ کر دیا تھا۔ غیر ارادی طور پر ایک خاتون کو معذور کرنے پر ٹیٹو آرٹسٹ تین سال کے لیے جیل چلا گیا۔ٹیٹو آرٹسٹ پر اس کے مبینہ جرم کے حوالے سے ایک مقدمہ اور کیا گیا ہے، جس کی سماعت جلد ہی متوقع ہے ۔ایک آنکھ سے نابینا ہونے کے باوجود الیکسانڈرا کو اپنے آنکھ رنگوانے کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ انہیں بس غلط آدمی کے انتخاب پر افسوس ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu