انٹارکٹکا پر دیکھی گئی خونی برف کی تصاویر وائرل

Ameen Akbar امین اکبر پیر 2 مارچ 2020 23:49

انٹارکٹکا  پر دیکھی گئی خونی برف کی تصاویر وائرل

انٹارکٹکا  میں یوکرین کے ریسرچ سنٹر کے  سائنسدانوں نے  انٹارکٹکا   کے عجیب و غریب قدرتی مظہر  خونی  برف کی تصاویر شیئر کی ہیں۔یوکرین کی وزارت تعلیم اور سائنس نے فیس بک پوسٹ   میں چند تصاویر شیئر کی ہیں۔ یہ تصاویر انٹارکٹکا کے انتہائی شمالی حصے کی ہیں، جو خونی برف سے ڈھکا ہوا ہے۔ ان تصاویر میں سفید برف کے ساتھ سرخ برف کو بھی دکھایا گیا ہے۔


نیوز ویک کے مطابق یہ سرخ برف  ورنادسکی  ریسرچ بیس  کے قریب دیکھی  گئی ہے۔یہ جگہ انٹارکٹکا کے ساحلی جزیرے گالینڈیز میں واقع ہے۔ یہ عجیب و غریب منظر اصل میں خردبینی الجی ،جسے Chlamydomonas nivalis  کہا جاتا ہے ، کی  وجہ ہے۔ یہ  الجی انتہائی سرد موسم میں بھی اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہے۔قطبین کے علاوہ یہ پوری دنیا کے پہاڑی سلسلوں میں بھی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس  الجی کے کلوروپلاسٹ میں موجود کیروٹین شکلہ  کی وجہ سے برف کا رنگ سرخی مائل نظر آتا ہے۔کیروٹین شکلہ وہی روغن  جو   پیٹھے اور گاجر کو  اُن کا رنگ دیتے ہیں۔یہ کیروٹین شکلہ اس وقت بنتے ہیں جب اس انواع کی سبز الجی کو بہت زیادہ سورج کی روشنی ملے۔اس وقت چونکہ زمین کے جنوبی نصف کرے  میں خاصی گرمی  ہے اس لیے اس الجی کا رنگ سرخ ہوگیا ہے۔


یوکرین کی وزارت تعلیم اور سائنس نے وضاحت کی کہ  اس سرخ برف کا  ایک نقصان بھی ہوتا ہے۔ اس  رنگ کی وجہ سے  سورج کی روشنی کم منعکس ہوتی ہے اس لیے برف تیزی سے پگھلتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سے پہلے بھی قطبین، الپس اور دوسرے پہاڑی علاقوں میں سرخ برف  دیکھی گئی ہے۔دیکھنے میں تو یہ خون کی مانند ہوتی ہے لیکن اس کی بو تربوز کی بو جیسی ہوتی ہے۔


Browse Latest Weird News in Urdu