خاتون دو سال تک پلاسٹک کے پودے کی حقیقی پودا سمجھ کر دیکھ بھال کرتی رہیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 4 مارچ 2020 23:55

خاتون دو سال تک پلاسٹک کے پودے کی حقیقی پودا سمجھ کر دیکھ بھال کرتی رہیں

کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی گھریلو خاتون کو حال ہی میں انٹرنیٹ پر کافی شہرت مل گئی ہے۔ انہوں نے  فیس بک پر  ایک پوسٹ کی تھی جو فوراً ہی وائرل ہو گئی۔ اس پوسٹ  میں انہوں نے بتایا ہے کہ کس طرح وہ دوسالوں سے گھر میں رکھے ایک پودے کو پانی دے رہی تھیں اور ا س کا خیال رکھ رہی تھیں لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ یہ پودا پلاسٹک کا ہے۔
28 فروری کو کائیلی ویلکس نے فیس بک پر اپنے دوستوں کو بتایا کہ وہ دو سالوں سے جس پودے کی کافی دیکھ بھال کر رہی تھیں، اس کی جگہ بدلنےکے دوران معلوم ہوا ہے کہ یہ تو مصنوعی ہے۔


کائیلی نے بتایا کہ پودے کا پرانا گملا ٹوٹ گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس گملے میں اوپر ریت کی ایک پتلی تہہ تھی اور نیچے سٹریوفوم کو ایک بڑآ بلاک تھا۔ وہ دوسال سے پودے کو پانی دے رہی تھیں، اسے مناسب ماحول فراہم کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

لیکن اب پتا چلا کہ اُن کی ساری محنت رائیگاں چلی گئی۔
انہوں نے بتایا ”میرے پاس دوسال سے یہ پودا موجود تھا۔

مجھے اس پر کافی فخر تھا۔ یہ مکمل، خوبصورت اور رنگدار اور دیکھنے میں مکمل پودا تھا۔ میں نے اسے باورچی خانے کی کھڑکی میں رکھا ہوا تھا۔ میں اسے پانی دیتی اور اگر کوئی دوسرا اسے پانی دینے کی کوشش کرتا تو میں ایسا نہ ہونے دیتی کیونکہ میں اس کی اچھی دیکھ بھال کرنا چاہتی تھی۔ مجھے اس پودے سے بہت محبت تھی۔ آج میں نے فیصلہ کیا کہ اس کو گملا بدلنا چاہیے۔

میں نے خوبصورت مرتبان نما برتن خریدا، جب پودے کو پلاسٹک کے گملے سے نکالا تو معلوم ہوا کہ یہ پودا تو نقلی تھا۔ میں نے اس پودے کو بہت محبت دی تھی۔ میں اس کے پتے صاف کرتی تھی اور بھرپور کوشش کرتی تھی کہ یہ بہترین دکھائی دے اور یہ بس پلاسٹک تھا۔ یہ مجھے پہلے کیسے معلوم نہیں ہوا؟ “
کائیلی کا کہناہے کہ انہیں اپنی دو سال کی زندگی جھوٹ لگتی ہے۔ کائیلی کی پوسٹ پر سینکڑؤں افراد نے دلچسپ تبصرے کیے۔ بڑے نیوز آؤٹ لٹس جیسے نیویارک پوسٹ اور فاکس نیوز نے بھی اس پر کہانی کو کوریج دی۔ کچھ لوگوں نے اس سے ملتی جلتی اپنی کہانی بھی سنائی۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu