حکومت نے نشری مبلغ کو کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ادویات فروخت کرنے سے روک دیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 11 مارچ 2020 23:57

حکومت نے نشری مبلغ کو کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ادویات فروخت کرنے سے روک دیا

دھوکہ دہی کی جتنی بھی اقسام ہیں اِن میں بلاشبہ مذہب کے نام پر دھوکہ دہی سب سے بدترین ہے۔ مذہب کے نام پر دھوکہ کرنے والے دھوکے بازوں نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے پھیلنے پر بھی اپنی دوکانیں سجا لی ہیں۔

نیویارک کے اٹارنی جنرل نے ایک مقبول نشری مبلغ کو ”ہر چیز کا علاج“ جیسی ادویات کو کورونا جیسے وائرس کی دوا کہہ کر فروخت کرنے سے روک دیا ہے۔

نشری مبلغ جم بیکر، جنہیں 1990 کی دہائی کے شروع میں دھوکہ دہی پر سزا بھی ہوئی تھی،  گزشتہ کافی عرصے سے مبینہ طور پر قیمتی دھاتوں سے بنائے گئے اور سائنسی طور پر غیر تصدیق شدہ سلور سلوشن کو ہر قسم کی بیماری کا علاج کہہ کر فروخت کر رہے ہیں۔ حال ہی میں جب انہوں نے اپنے بنائے سلور سلوشن کو کورونا وائرس کا علاج قرار دیا تو حکام کو معاملے میں دخل دینا ہی پڑا۔

(جاری ہے)

12 فروری کو جم بیکر نے ایک ٹی وی شو میں اپنی مہمان ”نیچروپیتھک“ ڈاکٹر سے پوچھا کہ کیا سلور سلوشن کورونا وائرس کے خلاف وہ کر سکتا ہے، جس کی کوشش تین ماہ سے دنیا بھر کے ڈاکٹر کر رہےہیں۔ اس کے جواب میں نیچروپیتھک ڈاکٹر شیرل سیلمن کہتی ہیں ” اسے کورونا وائرس کے خاندان پر ٹسٹ نہیں کیا گیا، لیکن اسے کورونا وائرس کے دوسرے خاندانوں یا انواع پر ٹسٹ کیا جا چکا ہے، یہ 12 گھنٹے میں اسے ختم کرنے کے قابل ہے۔

یہ اسے  بالکل ختم کرنے، اسے ہلاک کرنے، اسے غیر فعال کرنے اور آپ کا مدافعتی نظام بڑھانے کے قابل ہے“۔ اس جواب کے دوران جم بیکر ہاں، ہاں بھی کرتے سنائی دئیے گئے اور پینل کے دوسرے شرکا اپنی حیرت کا اظہار کرتے رہے۔اس کے بعد ناظرین کو بتایا گیا کہ وہ سلور سلوشن جیل کی 4 ٹیوب 80 ڈالر میں خرید سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دو بوتل لیکوئیڈ، 2 ٹیوب جیل اور تین ٹکیہ کا  ورائٹی  125 ڈالر میں جم بیکر کی ویب سائٹ سے خرید سکتے ہیں۔

اس شو کی ویڈیو دیکھنے کے بعد نیو یارک کے اٹارنی جنرل نے  جم بیکر کو کہا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس کا کوئی بھی تصدیق شدہ علاج نہیں، اس لیے وہ سلور سلوشن کی فروخت بند کرے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جم بیکر کے سٹاف نے سلور سلوشن میں کسی بھی قسم کا دھوکا نہ ہونے کا یقین دلایا ہے۔ 

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق سلور سلوشن کے بنیادی اجزا میں صحت کے لیے کسی قسم کے فوائد نہیں بلکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu