پہلی بار رافال جنگی طیارے میں اڑنے والے شخص نے 2500 فٹ کی بلندی پر پریشانی میں ایجیکٹ کردیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 15 اپریل 2020 23:48

پہلی بار رافال جنگی طیارے میں اڑنے والے   شخص نے 2500 فٹ کی بلندی پر  پریشانی میں ایجیکٹ کردیا

ایک فرانسیسی شخص نے ایک فائٹر جیٹ میں پہلی بار پرواز کرتے ہوئے پریشان ہو کر 2500 فٹ کی بلندی پر حادثاتی طور پر  ایجیکٹ کر دیا۔
سی این این کے مطابق  ایک فرانسیسی شخص، جن کا نام نہیں بتایا گیا،  کے لیے  اُن کے  ملازمین نے  سرپرائز فائٹر جیٹ فلائٹ کا بندوبست کیا۔تاہم زمین سے 2500 فٹ کی بلندی پر پہنچ کر انہوں نے غلطی سے ایجیکٹ کے لیے ہینڈل کھینچ لیا۔

خوش قسمتی سے 64 سالہ شخص کا پیرا شوٹ کھل گیا اور وہ  زمین پر اترنے کے دوران معمولی زخمی ہوئے۔
حال ہی میں شائع ہونے والی فرانس  کے بیورو آف انکوائری اینڈ انالیسس  فار سول ایوی ایشن سیفٹی کی رپورٹ کے مطابق  یہ حادثہ پچھلے سال  مارچ میں پیش آیا۔ یہ شخص جنگی ہتھیار بنانے والی کمپنی کا ایگزیکٹیو  ہے۔ ان کے ملازمین نے ان کے لیے داسو رافال بی طیارے میں سرپرائز فلائٹ کا بندوبست کیا تھا، حالانکہ انہیں طیارے میں بیٹھنے کا پہلے سے کوئی تجربہ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

وہ سینٹ-دزئر  ائیر بیس پر آئے تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ  اب انہیں طیارے میں بیٹھنا ہے۔وہ بہت زیادہ پریشان ہوگئے۔ اُن کے دل کی دھڑکن 120 سے 145 بار فی منٹ تک بڑھ گئی۔فلائٹ کے دوران جب پائلٹ نے  طیارے کو اوپر اٹھایا تو انہوں نے پریشانی میں کسی چیز کو پکڑنا چاہا۔ بدقسمتی سے ان کا ہاتھ ایجیکٹ کےہینڈل پر پڑ گیا۔ اس سے وہ طیارے سے باہر جا گرے۔ خوش قسمتی سے پیرا شوٹ کھل گیا اور وہ ائیربیس کے قریب ہی زمین پر اتر گئے، جہاں سے انہیں فوراً ہی طبی امداد کے لیے ائیرپورٹ پہنچایا  گیا۔ پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت ائیر بیس پر اتار لیا تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu