لاک ڈاؤن کے دوران یہ چڑیا گھر اپنے کچھ جانوروں کو ذبح کر کے ان کا گوشت دوسرے جانوروں کو کھلائے گا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 15 اپریل 2020 23:48

لاک ڈاؤن کے دوران یہ چڑیا گھر اپنے  کچھ جانوروں کو ذبح کر کے ان کا گوشت دوسرے جانوروں کو کھلائے گا
جرمنی کے ایک چڑیا گھر نے کہا ہے کہ  وہ لاک ڈاون سے پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے  اپنے کچھ جانوروں کو ذبح کریں گے تاکہ ان کا گوشت دوسرے جانوروں کو کھلایا جا سکے۔
بی بی سی کے مطابق نويمونستر چڑیا گھر نے لوگوں سے عطیات کی اپیل کی ہے۔ چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ  لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ ایسٹر پربھی  اپنے گھروں میں رہے، جس کی وجہ سے اُن کا کاروبار بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔


چڑیا گھر کی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسے جانوروں کی فہرست بنا لی ہے جنہیں پہلے ذبح کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جانوروں کو ذبح کرنا   اخراجات پوری کرنے کی آخری کوشش ہوگی، کیونکہ چڑیا گھر کے جانوروں کو ہر روز تازہ خوراک چاہیے ہوتی ہے خاص طور پر دریائی بچھڑے اور پنگوئن کو تو روز وافر مقدار میں مچھلیاں چاہیے ہوتی ہے۔

(جاری ہے)


چڑیا گھر کی ڈائریکٹر نے بتایا کہ اگر جانوروں کو ذبح کرنے کی نوبت آئی تو وہ ایسا کر گزریں گی کیونکہ جانوروں کے فاقے  سے مرنے سے بہتر ہے کہ وہ بطور غذا کسی دوسرے جانور کے کام آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بدترین حالات میں کچھ جانوروں کو دوسرے جانوروں کی غذا بننا پڑے گا۔
چڑیا گھر کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین چڑیا گھر کی انتظامیہ کے اس اقدام کو قابل نفرت اور ظالمانہ قرار دے رہےہیں۔
کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر کی حکومتوں  نے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ساری دنیا میں ہی چھوٹے کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں۔جرمنی کے اس چڑیا گھر  کو حکومت کی طرف سے وہ امداد بھی نہیں مل رہی جو چھوٹے کاروباری اداروں کو دی جا رہی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu