کورونا وائرس سے بچنے کے لیے روسی خاندان جنگل میں رہنے لگا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 17 اپریل 2020 23:56

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے روسی خاندان جنگل میں  رہنے لگا
روس کے  علاقے سوردلووسک سے تعلق رکھنے والے 5 افراد پر مشتمل خاندان نے سماجی فاصلے کی ہدایات کو جتنا زیادہ سنجیدہ لیا ہے شاید ہی کسی اور نے لیا ہو۔ یہ خاندان  کورونا وائرس سے بچنے کے سماج سے دور  جنگل  میں  رہنے لگا،  جہاں قریب ترین انسانی آبادی ان سے کئی کلومیٹر دور تھی۔
6 اپریل کو سوردلووسک پولیس کو کراسنوگواردیسکی کے گاؤں سے ایک خاتون کا فون آیا۔

خاتون نے بتایا کہ اُن کا بھائی اپنی بیوی اور  تین بچوں ، جن کی عمریں چار، آٹھ اور دس سال ہیں،  کو لے کر  کورونا وائرس سے بچنے کے لیے جنگل میں چلا گیا ہے۔خاتون نے بتایا یہ خاندان ایک دن پہلے جنگل میں گیا تھا اور ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے، جس کی وجہ سے خاتون اُن کی خیریت کے لیے فکر مند ہے۔پولیس نے اس خاندان کی تلاش کے لیے ایک سرچ پارٹی منظم کی،  جنہوں نے ان لوگوں کو جنگل میں کھلے آسمان تلے رہتے ہوئے ڈھونڈ لیا۔

(جاری ہے)


جب  خاندان کے  33 سالہ سربراہ سے پوچھا گیا کہ وہ بچوں کے ساتھ جنگل میں کیا کر رہا ہے تو انہوں   بتایا کہ وہ کورونا  وائرس سے بچنے کے لیے اپنے گھر سے  فرار ہوئے تھے۔خاندان کے سربراہ نے بتایا کہ اس وائرس  سے بچنے کے اشتہار میں سماجی فاصلے کو بہترین قرار دیا گیا ہے اس لیے وہ جنگل میں آ گئے ۔
پولیس نے اس خاندان کو بحفاظت کراسنوگواردیسکی پہنچا دیا جو یاکاترنبرگ  سے شمال مشرق میں 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ گاؤں کے ڈاکٹر نے بچوں کا معائنہ کیا  اور بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ اس کے بعد بچوں کو سوشل سروسز آفس پہنچا دیا گیا۔
پولیس نے بچوں کے والدین پر بچوں کا خیال نہ رکھنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں انہیں 500 روبل یا 7 ڈالر جرمانہ ہو سکتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu