چیچن لڑکی کے غیر ارضی حسن نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 8 مئی 2020 23:44

چیچن لڑکی کے غیر ارضی حسن نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران کر دیا
انٹرنیٹ پر صارفین  روز ہی سینکڑوں خوبصورت لڑکیوں کی تصاویر  دیکھتے ہیں۔شاید ہی کسی لڑکی کا حسن ایسا ہوتا ہو جسے دیکھ کر صارفین حیران رہ جائیں۔ 11 سالہ امینہ ایپنڈیوا کے غیر ارضی  حسن کو دیکھ کر  بہت سے انٹرنیٹ صارفین حیران ہیں۔
امینہ کی تصویریں پچھلے  پانچ ماہ سے روسی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں لیکن اُن کی شخصیت اب بھی کافی پر اسرار ہے۔

امینہ ایپنڈیوا اصل میں چیچن فوٹو گرافر امینہ ارسکوفا کی دریافت ہیں، جنہوں نے 11 سالہ لڑکی کی حسین تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں ۔ امینہ ارسکوفا کی عام انسٹاگرام پوسٹ پر بمشکل ایک ہزار لائکس ہوتے ہیں لیکن امینہ ایپنڈیوا کی تصویروں پر دس ہزار سے زیادہ لائکس  اور پسندیدگی  کا اظہار کرتے سینکڑوں تبصرے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)


روسی میڈیا کے مطابق 11 سالہ امینہ کا تعلق چیچنیا کے ٹاؤن كورچالوی سے ہے۔

اُن کا حسن دو نایاب جنیاتی بیماریوں کی وجہ سے ہے۔ یہ دو بیماریاں برصیت یا سورج مکھی اور   ہیٹروکرومیا ہیں۔ برص کی وجہ سے اُن کا رنگ سفید ہے اور ہیٹروکرومیا اُن کی دونوں آنکھوں کے مختلف رنگ کا باعث ہے۔ان دونوں امراض کا ایک ہی انسان کو لاحق ہونا انتہائی نایاب ہے۔
فوٹو گرافر امینہ ارسکوفا نے امینہ ایپنڈیوا کی تصاویر جنوری 2020 میں شائع کی تھیں۔

جس کے بعد یہ روسی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
بہت سے لوگوں نے جہاں 11 سالہ لڑکی کے حسن کی تعریف کی ہے وہاں  کچھ لوگوں نے ان تصاویر کو فوٹو شاپڈ بھی قرار دیا ہے۔ امینہ ایپنڈیوا کا ابھی تک اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے اس لیے ان تصاویر کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ تاہم کورچالوی سے تعلق رکھنے والے کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ امینہ ایپنڈیوا کو جانتے ہیں اور وہ اپنی تصاویر سے بھی زیادہ حسین ہیں۔


متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu