صارفین کی ڈیلیٹ کی ہوئی ای میلز تک رسائی اب امریکی حکومت کے لیے بچوں کا کھیل

جمعہ 13 فروری 2015 11:25

صارفین کی ڈیلیٹ کی ہوئی ای میلز تک رسائی اب امریکی حکومت کے لیے بچوں کا کھیل

امریکہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13فروری 2015ء) امریکی فیڈرل ایجنٹ 6 ماہ پرانی کسی بھی ای میل تک بغیر کسی سرچ وارنٹ کےرسائی حاصل کررہے ہیں۔ امریکی حکومت نے امریکیوں کی 6 ماہ پرانی ای میل تک رسائی کے لیے قانونی “جگاڑ” لگا لیا ہے، جس کے تحت امریکی حکومت کسی بھی امریکی کی 6 ماہ پرانی حتیٰ کہ ڈیلیٹ کی ہوئی ای میل تک رسائی حاصل کررہے ہیں۔

امریکی حکومت نے1986 کے دی الیکٹڑونک کمیونی کیشن پرائیویسی ایکٹ (The Electronic Communications Privacy Act) میں موجود نقص کا بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔ اس ایکٹ کو 1986 میں پاس کیا گیا تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب ورلڈ وائیڈ ویب عام نہیں ہوا تھا اور نہ ہی ای میلز کا استعمال اس قدر عام تھا۔اس لیے ای میل کے حوالے سے یہ قانون پرانا ہوگیا ہے ۔ مذکورہ ایکٹ میں بیان کیا گیا ہے کہ 6 ماہ سے پرانی کوئی بھی چیز صارفین کی طرف سے متروک تصور کی جائے گی ، جس تک رسائی کے لیے سرکاری حکام کو سرچ وارنٹ کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

قانون کے اس نقص کو اب صارفین کی ای میل تک رسائی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔اس کا یہ مطلب نہیں کہ اب فیڈرل ایجنٹ کسی کو بھی پکڑ کر ای میل اکاؤنٹ کھولنے کا کہتے ہیں۔ فیڈرل ایجنٹ کسی بھی ای میل تک رسائی کے لیے جی میل یا ای میل سروس سے رابطہ کرکے ای میل فراہم کرنے کا کہتے ہیں۔یہی نہیں اگر ای میل سروس نے کہیں تھرڈ پارٹی سرور پر بیک اپ بھی لیا ہوا ہو تو اس میں سےڈیلیٹ شدہ ای میل تک بھی رسائی حاصل کی جاتی ہے۔

ایڈورڈ سنوڈن کی طرف سے انکشافات کے بعد امریکی اپنے ڈیجیٹل ڈیٹا کی طرف سے پہلے ہی کافی حساس ہیں اب اس قانون میں نقص نے انہیں اور پریشان کر دیا ہے۔ اب کانگرس میں ایک نیا بل ای میل پرائیویسی ایکٹ (Email Privacy Act) پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے جسے بہت سے ممبران نے سپورٹ کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu